پاک افغان سرحد چمن میں ایک بار پھر کشیدگی پاک فوج کاموثر جوا ب

کوئٹہ(آوازٹائمز)پاک افغان سرحد ایک بار پھر کشیدگی کی لپیٹ میں آگئی ہے، جہاں افغان فورسز نے پاکستان کی حدود میں دراندازی کی کوشش کی۔ اس پر پاک فوج نے فوری طور پر بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں سرحدی علاقے میں کئی گھنٹوں تک گولہ باری اور فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ اس دوران مشین گنوں اور مارٹر گولوں کی آوازیں دور تک سنائی دیتی رہیں فائرنگ کا واقعہ سرحدی گاوں ماضل گلی کے قریب پیش آیا، جہاں دونوں فورسز کے درمیان کچھ دیر تک گولیاں چلیں، مگر فورا فائرنگ بند کر دی گئی افغان سائیڈ پر ویش بارڈر کے قریب گولے گرنے کی اطلاع ملی، جس کے بعد وہاں کے رہائشیوں نے اپنی دکانیں اور مارکیٹیں بند کر کے محفوظ مقامات پر پناہ لے لی۔ذرائع کے مطابق، افغان فورسز نے چمن کے قریب بلااشتعال فائرنگ شروع کی اور پاکستان کی سرحد میں دراندازی کی کوشش کی۔ تاہم پاک فوج نے اس کوشش کا فوری اورموثرجواب دیتے ہوئے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا۔ علاقے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہو گئیں، اور بابِ دوستی سرحدی دروازہ حفاظتی اقدامات کے تحت بند کر دیا گیا۔عینی شاہدین کے مطابق، اس اچانک کشیدگی کے باعث سینکڑوں افراد دونوں سرحدوں پر پھنس کر رہ گئے، جبکہ عام شہری خوف کے باعث اپنے گھروں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ مقامی دکانداروں اور ٹرانسپورٹروں نے بتایا کہ سرحدی علاقوں میں معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں اور علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ قریبی دیہات کے مکین بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔پاک فوج نے سرحدی علاقے میں اضافی دستے تعینات کر دیے ہیں اور کسی بھی غیر معمولی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں