پنجاب سے بلوچستان آنے والی مسافر کوچ پر حملہ، سندھ میں لوٹ مار کے بعد 20سے زائد مسافر اغوا

کوئٹہ(آوازٹائمز)صادق آباد سے کوئٹہ آنے والی ایک مسافر کوچ پر سندھ کے علاقے کشمور میں نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر کے مسافروں کو لوٹنے کے بعد بیس سے زائد افراد کو اغوا کر لیا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روزواقعہ مرید شاخ کے قریب پیش آیا جہاں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے کوچ کو روکا، مسافروں کو زبردستی اتارا اور نقدی و دیگر سامان لوٹنے کے بعد بیس سے زائد مسافروں کو اپنے ساتھ لے گئے۔ حملے کے دوران مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ کوچ کو بھی نقصان پہنچا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز اور دیگر متعلقہ اداروں نے فوری کارروائی شروع کر دی۔ ڈی آئی جی فیصل عبداللہ چاچڑ کے مطابق اب تک دس مغوی مسافروں کو بازیاب کرا لیا گیا ہے جبکہ باقی افراد کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔ڈی آئی جی سکھر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس اور رینجرز نے رات بھر مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے کچے کی طرف جانے والے تمام راستے بند کر دیے، جس کے باعث ڈاکو مغویوں کو کچے کے علاقے میں منتقل کرنے میں ناکام رہے۔حکام کے مطابق اغوا ہونے والے مسافروں کی حتمی تعداد اور شناخت کا عمل جاری ہے، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں