پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک میں سیاسی استحکام کیلئے کوشش کی ہے،شازیہ مری

اسلام آباد(روزنامہ آواز ٹائمز)وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ گزشتہ سیلاب سے ملک میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، وزیر خارجہ نے متاثرین سیلاب کی مشکلات سے عالمی برادری کو آگاہ کیا، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک میں سیاسی استحکام کیلئے کوشش کی ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ کل پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسمبلی کے فلور پر اپنی بجٹ تقریر میں کئی اہم باتیں کیں، اس میں سے سرفہرست بات یہ ہے کہ گزشتہ برس جو تباہ کن سیلاب آیا تھا اس کے نتیجہ میں ہونے والی تباہ کاری کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی بحالی، تعمیر نو کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے بہت سے اہم معاملات پر گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری کی کاوشوں کے باعث آئندہ مالی سال کے بجٹ میں فنڈ کی فراہمی پر بھی بات کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران ایسا تاثر پیدا کیا جارہا ہے کہ شاید پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن)کے درمیان بعض مسائل ہیں یا وہ ایک دوسرے سے ناراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثرات غلط ہیں ہمارا بنیادی ایشو متاثرین سیلاب کی بحالی اور تعمیر نو تھا اور بلاول بھٹو زرداری نے کل اسمبلی میں اپنی تقریر میں اس پر تفصیل سے گفتگو کی ہے کہ کس طرح ملک کو سیلاب کا سامنا کرنا پڑا اور کیسے 33 ملین افراد بے گھر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے پیپلز پارٹی نے ہر سطح پر آواز اٹھائی، اندرون ملک اور بین الاقوامی سطح پر بھی اس کو اجاگر کیا گیا۔ اسی طرح جنیوا میں اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر باقاعدہ اپیل کی گئی جس کے ذریعے فنڈز اکٹھے کئے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں