پیپلز پارٹی پی بی 44 کا اجلاس بلدیاتی انتخابات کیلئے جامع حکمتِ عملی تیار

کوئٹہ(آوازٹائمز)پاکستان پیپلز پارٹی حلقہ پی بی 44 کا ایک اہم اور مشاورتی اجلاس زیرِ صدارت میر حاجی لعل محمد جتک منعقد ہوا، جس میں پارٹی رہنماں، معزز قبائلی شخصیات اور کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں شریک اہم شخصیات میں میر ثنااللہ جتک، میر ابرار جعفر، میر اکرم بنگلزئی، میر صوبیدار جتک، شیر احمد بنگلزئی، طارق سرپرہ، میر طارق سرپرہ، میر حسیب بنگلزئی، ڈاکٹر عبدالغنی، حاکم بوہڑ، عبدالنبی سمالانی سمیت بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان شامل تھے۔ اجلاس میں کوئٹہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی غور و فکر کیا گیا۔ شرکا نے حلقے میں موجود سیاسی صورتحال، عوامی توقعات، تنظیمی چیلنجز اور انتخابی تقاضوں پر جامع تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر بلدیاتی امیدواروں کے ناموں اور ان کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے مکمل شفاف اور مشاورت پر مبنی طریقہ کار کے تحت حتمی سفارشات مرتب کی گئیں۔ اجلاس میں اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کی انتخابی مہم کو مثر بنانے کے لیے رابطہ مہم، گھر گھر تبلیغ، ووٹر لسٹوں کی چھان بین، عوامی رابطہ دفاتر کے قیام اور میڈیا کوآرڈی نیشن کے لیے متعدد ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ کمیٹیوں کو جلد اپنی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی تاکہ انتخابی مہم کا اگلا مرحلہ بروقت شروع کیا جاسکے۔ اس موقع پر شرکا نے حلقہ پی بی 44 سے منتخب رکن بلوچستان اسمبلی میر عبید گورگیج کی بہترین کارکردگی، علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے، عوامی مسائل کے حل کے لیے ان کی سنجیدہ کوششوں اور ہر فورم پر عوامی نمائندگی کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے پر انہیں خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا۔ اجلاس کے شرکا نے کہا کہ میر عبید گورگیج نے خدمت کی سیاست کا عملی مظاہرہ کیا ہے، جو پورے حلقے کے لیے باعثِ فخر ہے۔ شرکا نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی منظم، متحد اور بھرپور سیاسی حکمتِ عملی کے ساتھ بلدیاتی انتخابات میں میدان میں اترے گی، اور عوام کی حمایت سے کامیابی حاصل کرے گی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں