پی آئی اے کی فروخت قومی مفادات کے ساتھ سنگین مذاق ہے،سید صادق آغا

کوئٹہ(آوازٹائمز)پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سینیئر نائب صدر اور معروف قبائلی شخصیت سید صادق آغا نے قومی ایئرلائن پی آئی اے کی فروخت پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے کو فروخت کرنے والے جعلی حکمران درحقیقت اپنے ضمیر کا بھی سودا کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک تاریخی اور قومی شناخت کے حامل ادارے کو محض چند ارب روپے کے عوض فروخت کرنا قومی مفادات کے ساتھ کھلا مذاق اور آنے والی نسلوں کے مستقبل پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔ سید صادق آغا نے کہا کہ صرف 10 ارب روپے میں قومی ادارے کا سودا کرکے حکمرانوں کو مبارک بادیں دی جا رہی ہیں، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ انہیں مبارک باد نہیں بلکہ پوری قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے جیسے قومی اثاثے کو اس حال تک پہنچانا کہ آج اسے بیچنے کا جواز پیش کیا جا رہا ہے، موجودہ حکمرانوں کی نااہلی، ناقص پالیسیوں اور بدترین طرزِ حکمرانی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کبھی پاکستان کی پہچان اور فخر ہوا کرتی تھی، مگر بدعنوانی، اقربا پروری اور غلط فیصلوں نے اسے تباہی کے دہانے پر پہنچایا، اور اب انہی غلطیوں کا بوجھ قوم پر ڈال کر ادارہ فروخت کیا جا رہا ہے۔ سید صادق آغا کا کہنا تھا کہ قومی اثاثے فروخت کرنا مسائل کا حل نہیں بلکہ اس سے قومی خودمختاری اور معاشی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہمیشہ قومی اداروں کو مضبوط بنانے اور انہیں منافع بخش بنانے کی حامی رہی ہے، نہ کہ انہیں اونے پونے داموں فروخت کرنے کی۔ پی آئی اے کی فروخت اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکمرانوں کے پاس نہ وژن ہے، نہ اہلیت اور نہ ہی قومی مفاد کا کوئی تصور۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ قوم اس فیصلے کو کبھی معاف نہیں کرے گی اور وقت آنے پر عوام ان جعلی حکمرانوں کا احتساب ضرور کریں گے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں