پی ٹی اے نے 2026 میں ضلعی سطح پر انٹرنیٹ سروسز کے 47 کلاس لائسنس جاری کر دیے

اسلام آباد (ڈیلی آوازٹائمز) ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز کی توسیع اور ڈیجیٹل رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے رواں سال ضلعی سطح پر انٹرنیٹ سروسز کے 47 کلاس لائسنس جاری کر دیے ہیں۔ پی ٹی اے کی دستاویزات کے مطابق نئے لائسنسز کے اجرا سے انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے اداروں کی تعداد میں اضافہ اور صارفین کے لیے خدمات کا معیار بہتر ہونے کی توقع ہے۔دستاویز کے مطابق رواں سال فروری میں ضلع کی سطح کا پہلا انٹرنیٹ لائسنس جاری کیا گیا، جس کے بعد مارچ 2026 میں 12 نئے ضلع سطح کے انٹرنیٹ لائسنس جاری کیے گئے۔ مئی 2026 کے دوران مزید 14 لائسنس جاری کیے گئے، جبکہ جون 2026 میں ریکارڈ 20 ضلع سطح کے انٹرنیٹ لائسنس کا اجرا کیا گیا۔پی ٹی اے کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور ضلع میں سب سے زیادہ 7 انٹرنیٹ کلاس لائسنس جاری کیے گئے، جبکہ سرگودھا ضلعی سطح پر انٹرنیٹ لائسنس کے اجرا کے حوالے سے دوسرے نمبر پر رہا۔ فیصل آباد اور اسلام آباد میں چار، چار ضلع سطح کے انٹرنیٹ لائسنس جاری کیے گئے۔دستاویز کے مطابق پی ٹی اے نے ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی انٹرنیٹ سہولیات کے فروغ کے لیے جنوبی وزیرستان اور لوئر چترال میں لائسنس جاری کیے ہیں، جس سے ان علاقوں میں ڈیجیٹل رابطوں کو وسعت دینے میں مدد ملے گی۔پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ضلعی سطح پر نئے لائسنسز کے اجرا سے انٹرنیٹ سروسز کے شعبے
میں مسابقت میں اضافہ ہوگا، جبکہ آخری صارف تک تیز، معیاری اور بہتر انٹرنیٹ سہولیات کی فراہمی کو فروغ ملے گا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں