چمن(آوازٹائمز)چمن شہر میں مسلسل غیر اعلانیہ اور ناروا لوڈشیڈنگ نے شہر کے بیشتر حصے کو تین دن سے زائد عرصے سے مکمل تاریکی میں ڈبو دیا ہے، جس سے گھریلو زندگی، کاروبار، تعلیمی ادارے، اسپتال اور بنیادی سہولیات متاثر ہو رہی ہیں۔ضلعی صدر نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ چمن سمیع اللہ امین نے اس صورتِ حال پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی بندش اور ماہانہ ہزاروں روپے کے بل بھیجنا عوام دشمنی اور کھلی زیادتی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے شہر میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے اور ٹیوب ویلز بند ہونے سے شہری مہنگے واٹر ٹینکرز خریدنے پر مجبور ہیں، جو غریب اور متوسط طبقے کی پہنچ سے باہر ہیں۔این ڈی ایم نے حکومت بلوچستان، وفاقی حکومت، واپڈا حکام اور ضلعی انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ چمن شہر کی بجلی فوری طور پر بحال کی جائے۔ بصورت دیگر نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ اپنے آئینی اور جمہوری حق کے تحت بھرپور احتجاج کرے گی اور اس کے تمام نتائج حکومت و متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہوں گے۔این ڈی ایم نے یقین دہانی کرائی کہ وہ عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر چمن کے مظلوم شہریوں کی آواز بلند کرتی رہے گی






