کوئٹہ(آوازٹائمز)افغان قومی موومنٹ(اے کیو ایم)نے چمن شہر میں بڑھتی ہوئی چوری، ڈکیتی، رہزنی اور بے گناہ شہریوں کے قتل عام پر شدید الفاظ میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اے کیو ایم نے کہا کہ چمن کی امن و امان کو خاص سازش کے تحت خراب کیا جا رہا ہے اور عوام کو شر پسند ڈاکوں، چوروں اور قاتلوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ بے گناہ شہریوں کے خلاف روزانہ کے واقعات میں بتدریج اضافہ انتظامیہ کے لیے بڑا چیلنج بن چکا ہے اور کسی بھی وقت نقصان پہنچ سکتا ہے۔ افغان قومی موومنٹ نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ایماندار اور فرض شناس افسران کی تعیناتی کی جائے اور سیاسی اثر و رسوخ کے تحت تعینات غیر ذمہ دار افسران کا فوری تبادلہ کیا جائے۔ اے کیو ایم نے زور دیا کہ حکومتی بدانتظامی اور خراب طرز حکمرانی کی وجہ سے عوام پر عرصہ حیات تنگ کیا جا رہا ہے اور فوری اقدامات کے بغیر شہر میں امن قائم نہیں ہو سکتا






