چمن(آوازٹائمز)چمن شہر میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد شہریوں کے لیے عذاب بن گئی ہندسوز کے علاقے میں آوارہ کتوں نے بیک وقت 8 کمسن بچوں پر حملہ کر کے انہیں بری طرح زخمی کر دیا۔ زخمی بچوں کو فوری طور پر سول اسپتال چمن منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق آوارہ کتوں کے جھنڈ گلی محلوں میں آزادانہ گھومتے ہیں اور بچوں و خواتین کے لیے شدید خطرہ بن چکے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بلدیہ چمن اور میونسپل کارپوریشن کی غفلت کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کی بھرمار ہے، جس سے شام کے بعد لوگوں کا گھروں سے نکلنا محال ہوگیا ہے۔اہل علاقہ نے میئر اور چیئرمین میونسپل کارپوریشن سے فوری نوٹس لینے اور آوارہ و پاگل کتوں کے خاتمے کے لیے ہنگامی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ شہریوں کو مزید کسی سانحے سے بچایا جا سکے






