قلات(آوازٹائمز)ڈپٹی کمشنر قلات کیپٹن جمیل احمد بلوچ نے چیئرمین ضلع کونسل قلات پرنس آغا عرفان کریم احمد زئی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلعی ترقیاتی منصوبوں، عوام کو درپیش مسائل کے حل اور مختلف شعبوں کی بہتری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین ضلع کونسل نے انتظامیہ کی جانب سے کھلی کچہری کے انعقاد کو عوامی مسائل کے حل کی جانب مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضلع کونسل اور انتظامی ادارے باہمی تعاون سے ترقیاتی منصوبوں کی کامیاب تکمیل یقینی بنائیں گے تاکہ قلات کے عوام ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہوں۔اجلاس میں ہیلتھ اور ایجوکیشن سیکٹر کی بہتری، امن و امان کی صورتحال اور سروسز ڈیلیوری کے حوالے سے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر قلات اور چیئرمین ضلع کونسل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہیں گی۔اس موقع پر علاقائی عمائدین، پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر ملک عصمت کیازئی، حاجی محمد شاہ جتک، ولی محمد سمالانی، جاوید رودینی، محمد علم سمالانی، لیاقت علی لانگو، میر سیف اللہ زہری اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔






