ژوب میں امن وامان کیلئے اتحاد واتفاق کی ضرورت ہے،صوبائی مشیر اطلاعات

ژوب(روزنامہ آواز ٹائمز)صوبائی مشیر اطلاعات حاجی مٹھا خان کاکڑ نے کہا ہے کہ ژوب میں امن وامان کو قائم رکھنے اور دہشت گردی کے واقعات کو روکنے کے لئے حکومت پاک فوج اور عوام نے ملکر اپنا کردار ادا کرنا ہے۔امن وامان کے لئے تینوں کا ایک پیج پر ہونا علاقے کے بہترین مفاد میں ہے انہوں نے کہا کہ ہم ژوب ڈویژن کی سرزمین کو پرامن دیکھنا چاہتے ہیں گزشتہ دنوں کے تمام واقعات ہم سب کے لئے ناقابل برداشت ہیں یہ سرزمین پرامن اور محب وطن لوگوں کی سرزمین ہے یہاں کوئی سیاسی جماعت یا کوئی ایسا گروہ نہیں جو علاقے کو اس آگ میں دھکیلنا چاہتی ہے۔اس سرزمین کو امن و تحفظ دینے کے لئے ہمارے تمام سیکورٹی فورسز اور عوام سمیت حکومتی اہلکاروں نے جان کا نذرانہ پیش کیا ہے ہم ان قربانیوں کو بھول نہیں سکتے ہیں مٹھا خان کاکڑ نے کہا دہشت گردی کے اس علاقے میں ہے درپے واقعات نے ہمیں یہ سبق دیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو آپس کے اختلاف کو ایک سائیڈ پر رکھنا ہوگا اور ایک ون پوائنٹ ایجنڈا پر سیاسی جماعتوں اور تمام قبائل کو متحد ہونا پڑے گا کہ ہم نے اپنے سرزمین کو دہشت گردی سے پاک کرنا ہے اور دہشت گردی کو یہاں پنپنے نہیں دینا ہے حکومت پاک فوج اور عوام کو ایک پیج پر لاکر ژوب ڈویژن کو ایک محفوظ خطہ بنانا ہوگا یہ جنگ اور جدوجہد ہم سب نے ملکر لڑنی ہیکیونکہ الگ الگ ہوکر ہم جنگ کو نہیں جیت سکتے ہیں۔ مٹھا خان کاکڑ نے کہا کہ میں تمام سیاسی جماعتوں سے بھی گزارش کرتا ہوں کہ یہ موقع سیاسی اختلافات کے اظہار اور سوشل میڈیا پر گالم گلوچ کا نہیں ہے سیاسی جماعتوں کے قائدین اس حوالے سے دیکھیں اور علاقے کے اتحاد و اتفاق کو قائم و دائم رکھیں کیونکہ یہ موقع ہمیں متحد ہوکر اپنے علاقے کو محفوظ بنانے کے لئے مشترکہ کردار کا درس دیتا ہے۔ اور میں پھر یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہم سب ملکر دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ لڑیں گے اللہ تعالی ہمیں اپنے علاقے میں امن وامان کو قائم رکھنے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے توفیق و اتحاد نصیب کرائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں