کراچی، ریلوے میں چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ، لانڈھی میں بڑی کارروائی، کروڑوں روپے

کراچی (آوازٹائمز) وفاقی حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ریلوے میں چوری اور قومی اثاثوں کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ ریلوے پولیس کراچی ڈویڑن نے لانڈھی کے علاقے میں ایک بڑی کارروائی کے دوران کروڑوں روپے مالیت کا قیمتی ریلوے میٹریل برآمد کیا اور چوری کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔تھانہ ریلوے پولیس لانڈھی کے ایس ایچ او محمد حبیب ظفر کی قیادت میں ہونے والی اس کارروائی میں چار ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا، جو ریلوے کی قیمتی پٹریوں کو گیس کٹر کے ذریعے کاٹ کر چوری کر رہے تھے۔ پولیس کے مطابق، برآمد ہونے والا سامان کروڑوں روپے مالیت کا ہے۔وزیرِ ریلوے نے اس کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او اور اس کی ٹیم کو بھرپور داد دیتے ہوئے ریلوے پولیس کو چوری کے خلاف مزید سخت اور مؤثر کارروائیوں کی ہدایات جاری کی ہیں۔ اس کارروائی کے بعد ریلوے پولیس نے مزید چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں تاکہ چوری میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ ریلوے پولیس لانڈھی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔ وزیرِ ریلوے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے قومی اثاثوں کی حفاظت کے لیے کوئی بھی ملوث شخص قانون سے نہیں بچ سکے گا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں