کراچی کا انتخاب قومی الیکشن کا ٹریلر ہے، آنکھیں کھل جانی چاہئیں،شیخ رشید

راولپنڈی(روزنامہ آواز ٹائمز)سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کراچی کا انتخاب قومی الیکشن کا ٹریلر ہے، آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ وقت بتائے گا میئر کی سیٹ کی خاطر پاکستان پیپلز پارٹی نے جماعت اسلامی کو دور کر کے کیا کھویا کیا پایا، کراچی میئر کے الیکشن کے بعد جو صاف شفاف الیکشن کے خواب دیکھ رہے ہیں وہ شرمندہ تعبیر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، جس کا کل عملی مظاہرہ پیپلز پارٹی نے کر دکھایا، ممبر کسی کی کیا خدمت کریں گے ان کو خود خدمت کی ضرورت ہے، 9لاکھ عوام کا ووٹ اکثریت کے باوجود 3 لاکھ ووٹوں کے سامنے بے بس ہوگیا، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کا میئر نہیں بن سکا، کراچی کا انتخاب قومی الیکشن کا ٹریلر ہے، آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پوری دنیا ہمیں سمجھانے کی کوششیں کر رہی ہے، لیکن ہم سمجھ سے عاری ہیں، عوام خودکشیاں کر رہے ہیں، حکمران غیر ملکی دوروں پر ہیں،لطیف کھوسہ جیسے نامور وکیل کے گھر حملہ خطرے کی گھنٹی ہے، کوئی بڑا حادثہ ہوسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں