کوئٹہ (ڈیلی آوازٹائمز)بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (BBISE) کی جانب سے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان ہوتے ہی بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ شدید لوڈ کے باعث اچانک جام ہو گئی، جس سے طلبہ کو اپنے رزلٹ کی معلومات حاصل کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق، جیسے ہی بورڈ حکام کی جانب سے پریس کانفرنس میں کامیابی کے ریکارڈ 89 فیصد تناسب اور پوزیشن ہولڈرز کا اعلان کیا گیا، تو صوبے بھر سے بیک وقت ہزاروں طلبہ اور ان کے والدین نے اپنے نمبرز چیک کرنے کے لیے ویب سائٹ کا رخ کیا، جس کے نتیجے میں بورڈ کا آن لائن سرور آٹ آف سروس (جام)ہو گیا۔ویب سائٹ کے غیر فعال ہونے کے باعث دور دراز اضلاع سے تعلق رکھنے والے گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ اپنے رول نمبرز کے ذریعے امتحانی نتائج اور مارکس شیٹ ڈھونڈنے کے لیے گھنٹوں سے خوار ہو رہے ہیں۔ طلبہ اور ان کے سرپرستوں نے شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بورڈ انتظامیہ کو اتنے بڑے رزلٹ کے اعلان سے قبل اپنے آئی ٹی سسٹم اور سرورز کی صلاحیت کو بہتر بنانا چاہیے تھا تاکہ ایک لاکھ کے قریب طلبہ کو اس ذہنی اذیت سے نہ گزرنا پڑتا۔ متاثرہ طلبہ نے چیئرمین اور کنٹرولر بورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر آئی ٹی سیکشن کو متحرک کر کے ویب سائٹ کو بحال کروائیں تاکہ طلبہ ری کانٹنگ اور دیگر آن لائن عمل کے لیے بروقت اپنے نمبرز دیکھ سکیں






