کوئٹہ، بلوچستان میں 29 جولائی سے 5 اگست تک مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی، الرٹ جاری

کوئٹہ(ڈیلی آوازٹائمز)محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں 29 جولائی سے 5 اگست تک مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے مختلف اضلاع میں تیز ہواوں، گرج چمک اور بعض مقامات پر موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران صوبے کے شمال مشرقی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے، جبکہ ژوب، شیرانی، لورالائی، کوہلو، سبی، قلات، نصیر آباد، جھل مگسی، جعفر آباد، بارکھان، ڈیرہ بگٹی،خضدار، لسبیلہ، آواران، تربت، کیچ اور پنجگور میں تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں، جن میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور تعمیرات، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور اشتہاری بورڈز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ عوام، خصوصا مسافروں کو دورانِ سفر غیر ضروری سفر سے گریز اور انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے کسانوں پر زور دیا ہے کہ وہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی فصلوں اور مال مویشیوں کے تحفظ کے لیے بروقت اقدامات کریں، جبکہ تمام متعلقہ سرکاری اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں