کوئٹہ(آوازٹائمز)کوئٹہ کے علاقے شالکوٹ کے حدود سے مستونگ کے دو افراد گزشتہ اٹھارہ روز سے جبری طور پر لاپتہ ہیں، جن کی تاحال کوئی خبر نہیں مل سکی۔ تفصیلات کے مطابق 27 نومبر کو مستونگ سے کوئٹہ آنے والے سعید احمد اور محمد طارق کو سونا خان کے قریب پولیس نے ان کی گاڑی سمیت حراست میں لیا جبکہ اہلِ خانہ کو سڑک پر اتار دیا گیا۔اہلِ خانہ کے مطابق اگلے روز تھانہ شالکوٹ میں دونوں افراد کی غیر قانونی حراست کا علم ہوا جس پر انہوں نے عدالت سے رجوع کیا، تاہم پولیس نے بیلف کی آمد کی اطلاع ملنے پر دونوں نوجوانوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ سعید احمد اور محمد طارق تاحال کوئٹہ پولیس کی غیر قانونی حراست میں ہیں اور انہیں تشدد کے باعث شدید جانی خطرات لاحق ہیں۔ متاثرہ خاندان نے اعلی عدلیہ، انسانی حقوق کے اداروں اور حکام بالا سے دونوں نوجوانوں کی فوری اور بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا ہے






