کوئٹہ(آوازٹائمز)بلوچستان کا دارالحکومت سیکیورٹی اقدامات کے باعث عملی طور پر سیکیورٹی زون میں تبدیل ہوگیا ہے، جہاں سڑکوں کی مسلسل بندش، راستوں کی یکطرفہ تبدیلی اور انٹرنیٹ ڈیٹا سروس کی معطلی نے لاکھوں شہریوں کی زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔ زرغون روڈ کے بعد انسکمب روڈ کو بھی یکطرفہ کر دیا گیا ہے، جس سے شہر بھر کا ٹریفک نظام بری طرح درہم برہم ہوگیا ہے جبکہ ڈبل روڈ اور اس سے ملحقہ راستوں سے کچہری اور سیشن کورٹ کی جانب ٹریفک شدید متاثر ہورہی ہے۔انسکمب روڈ کی بندش کے سبب سول ہسپتال تک مریضوں کی رسائی تقریبا ناممکن ہو گئی ہے کیونکہ اسپتال کا مرکزی دروازہ اسی روڈ پر واقع ہے۔ شہری حلقوں نے اسے بدترین حکومتی نااہلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی کے نام پر سڑکیں بند کرنا عوام کے لیے عذاب بن چکا ہے۔ عوام نے عدلیہ سے فوری طور پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں حالی روڈ اور ماڈل ٹاون کے راستوں کو بھی محدود کردیا گیا ہے، جس سے مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔دوسری جانب کوئٹہ میں موبائل انٹرنیٹ سروس کی معطلی میں مزید دو دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقات کے مطابق انٹرنیٹ سروس 18 نومبر تک معطل رہے گی جبکہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اس میں مزید توسیع بھی ممکن ہے، جس سے طالبعلموں، کاروباری افراد اور مریضوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں






