کوئٹہ(آوازٹائمز)وزیرِاعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے روشن اور محفوظ شہر کے وژن کے مطابق کوئٹہ میں اسٹریٹ لائٹس کی مرمت اور بحالی کا عمل تیزی سے شروع کر دیا گیا ہے۔ ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ مجیب قمبرانی کی خصوصی ہدایات پر شعب الیکٹرک کی ٹیمیں شہر کے مختلف مقامات پر اسٹریٹ لائٹس کی فعالی کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں۔ائیرپورٹ روڈ پر اسٹریٹ لائٹس کی مرمت، خراب بلب کی تبدیلی، کیبلنگ کی درستگی، کنٹرول پینلز اور پولز کی مرمت کے متعدد مراحل مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو رات کے اوقات میں بہتر روشنی اور محفوظ سفر کی سہولت فراہم کی جاسکے۔ایڈمنسٹریٹر مجیب قمبرانی نے کہا کہ اسٹریٹ لائٹس کی بحالی کا بنیادی مقصد شہر کو روشن، محفوظ اور ہموار سفری ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہر کی تمام مرکزی شاہراہوں، چوراہوں اور حساس مقامات پر خراب اسٹریٹ لائٹس کو فوری طور پر فعال کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری یا اندھیرے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے مزید کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن، وزیرِاعلی کے شہری ترقی کے وژن کے مطابق روشنی، صفائی اور دیگر شہری سہولیات کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کر رہی ہے۔ اسٹریٹ لائٹس کی بحالی کا یہ عمل مرحلہ وار انداز میں جلد پورے شہر تک توسیع دیا جائے گا






