کوئٹہ(آوازٹائمز)جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینیئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد، عبدالصمد حقیار، مفتی محمد ابوبکر، عبدالباری شہزاد، مولوی جمال الدین حقانی، مفتی رشید احمد حقانی، حاجی عطا محمد شمشوزئی اور دیگر رہنماں نے شدید سردی کے دوران کوئٹہ کے عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھنے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں گیس اور بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ مائنس ٹمپریچر میں سریاب،شالدرہ، نواں کلی، کوتوال، سیٹلائٹ ٹاون، پودگلی چوک اور ملحقہ علاقوں سمیت کوئٹہ کے بیشتر علاقوں میں گیس پریشر مکمل طور پر ختم جبکہ بجلی کی بار بار بندش نے عوام کو اذیت ناک صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔ شدید سردی میں معصوم بچے، بزرگ، بیمار اور خواتین شدید کرب و اذیت میں مبتلا رہے مگر ذمہ دار حکام کو عوام کی تکالیف کا کوئی احساس نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارش کا پہلا قطرہ گرتے ہی بجلی کا غائب ہو جانا اور گیس کی مکمل بندش ایک معمول بن چکی ہے جو حکومتی نااہلی اور متعلقہ اداروں کی مجرمانہ غفلت کا واضح ثبوت ہے۔ اربوں روپے کے بجٹ اور طویل دعوں کے باوجود کوئٹہ کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم نہ کرنا عوام دشمن پالیسیوں کا کھلا ثبوت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہریوں کو فوری طور پر گیس اور بجلی کی فراہمی بحال کی جائے تاکہ عوام شدید سردی میں سکھ کا سانس لے سکیں






