کوئٹہ(آوازٹائمز)تحریک انصاف کے رہنماوں و کارکنوں سابق میئر کوئٹہ رحیم کاکڑ، سردار حسن شاہ، جمیل بوستان ایڈووکیٹ، میروائس ایڈووکیٹ، احمد شاہ ایڈووکیٹ، عبداللہ ایڈووکیٹ، عمر فاروق ایڈووکیٹ، توقیر بھٹی، نعمت اللہ، امین آغا، ارشد اچکزئی اور ضیا الحق نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ شہر گندگی میں تبدیل ہو چکا ہے، میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے صفائی کے مزدور غائب ہیں، جس کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔رہنماں نے مطالبہ کیا کہ جس طرح ماضی میں گھر گھر سے کچرا اٹھایا جاتا تھا، اسی عمل کو فوری طور پر بحال کیا جائے اور تمام صفائی عملے کو اپنے علاقوں میں کام کا پابند بنایا جائے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ایئرپورٹ روڈ پر کسٹم کے قریب میٹرو پولیٹن کی ڈھائی ایکڑ اراضی جو بطور ناظم بیگرز ویلفیئر کے لیے مختص کی گئی تھی، اسے خلاف قانون انٹی نارکوٹکس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ لہذا ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن فوری طور پر یہ جگہ واگزار کرائیں اور اسے فلاحی مقاصد کے لیے استعمال میں لایا جائے۔ رہنماں نے کہا کہ تحریک انصاف عوامی مفاد اور شہری سہولتوں کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی






