کوئٹہ میں یکے بعد دیگرے تین دھماکے، دہشت گردانہ منصوبے ناکام

کوئٹہ(آوازٹائمز)بلوچستان کے دارالحکومت میں ہفتے کی صبح دہشت گردوں کی سنگین کوشش ناکام بنا دی گئی۔ قمبرانی روڈ کے لنک شاہوانی کراس کے قریب پولیس ناکے کے پاس پہلے ایک کریکر دھماکہ ہوا، جس کے فورا بعد جائے وقوعہ پر پہنچنے والی بم ڈسپوزل اسکواڈ کی گاڑی کے قریب سڑک کنارے کھڑی موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد میں دوسرا دھماکہ کیا گیا۔ خوش قسمتی سے دونوں دھماکوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اسی دوران کوئٹہ کے علاقے سریاب میں نامعلوم افراد نے ریلوے لائن کو دھماکے سے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں کوئٹہ آنے اور جانے والی ٹرینوں کی آمد و رفت عارضی طور پر روک دی گئی۔پولیس نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں دھماکے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیے گئے اور واضح ہدف پولیس اہلکار تھے، مگر دہشت گرد اپنے مقصد میں ناکام رہے۔پولیس حکام نے کہا کہ ہمارے جوان ہر لمحہ شہریوں کی حفاظت کے لیے فرنٹ لائن پر موجود ہیں اور آج کا واقعہ ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا ثبوت ہے۔ نامعلوم دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے شہر بھر میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ حساس مقامات پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں