کوہلو (آوازٹائمز)ڈسٹرکٹ چیئرمین میر نثار احمد مری کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ کونسل کوہلو کا سالانہ بجٹ اجلاس دفتر ضلعی چیئرمین میں منعقد ہوا، جس میں مالی سال کے لیے 8 کروڑ روپے کے بجٹ کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ضلع بھر سے تعلق رکھنے والے منتخب بلدیاتی نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں یونین کونسل 11 سفید کے چیئرمین حبیب الرحمن مری نے ایک قرارداد پیش کی جس میں مقف اختیار کیا گیا کہ ان کی یونین کونسل کا نام سرکاری ریکارڈ میں سفید کے بجائے بجار وڈھ درج کیا جائے تاکہ انتظامی امور اور عوامی سطح پر مشکلات کا خاتمہ ہو۔ ڈسٹرکٹ کونسل نے اس قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے سرکاری ریکارڈ میں نام تبدیل کر دیا۔اجلاس میں بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ مشاورت کے بغیر بی ایس ڈی آئی (BSDI) پروگرام میں اسکیمات شامل نہ کرنے کے خلاف بھی ایک قرارداد منظور کی گئی۔ ممبران نے کہا کہ مقامی سطح پر نمائندوں کی رائے کے بغیر اسکیمات کی منظوری عوامی مسائل کے دیرپا حل میں رکاوٹ ہے، جبکہ پاک فوج کی جانب سے بی ایس ڈی آئی جیسے فورم کا قیام ایک مثبت قدم ہے۔ڈسٹرکٹ چیئرمین میر نثار احمد مری نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود عوامی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے اور ڈسٹرکٹ کونسل کے بجٹ سے گلی کوچوں تک ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مزید فنڈز کی صورت میں بڑے ترقیاتی منصوبے بھی شامل کیے جائیں گے۔ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین وڈیرہ غازی خان لوہارانی مری نے کہا کہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر ہم ہر سطح پر عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور ترقیاتی عمل میں تمام نمائندوں کو شامل کیا جا رہا ہے۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ کونسل ممبر میر روحیل اعجاز مری، چیف آفیسر محبت خان کھتران، انچارج جلال شاہجہ مری سمیت تمام یونین کونسل چیئرمینوں نے شرکت کی اور اختتام پر عزم ظاہر کیا گیا کہ ڈسٹرکٹ کونسل کوہلو عوامی فلاح و بہبود، شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر اپنے فرائض سرانجام دیتی رہے گی اور ہر سطح پر عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا






