کوہلو، 10 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے تنگہ واٹر سپلائی پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا

کوہلو (ڈیلی آوازٹائمز)بلوچستان کے ضلع کوہلو میں بڑھتی ہوئی قلتِ آب کے پیشِ نظر بی ایس ڈی آئی کے تحت 10 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے تنگہ واٹر سپلائی پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کمانڈنٹ میوند رائفلز بریگیڈیئر فاروق اشرف نے فیتہ کاٹ کر کیا۔افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر کوہلو اعظم جان دومڑ، لیفٹیننٹ کرنل طحہ علی خان، ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ انجینئر حاجی نیاز احمد بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر ماوند، اسسٹنٹ کمشنر کاہان، قبائلی رہنما وڈیرہ ربنواز مری، وڈیرہ بیورغ مری سمیت علاقے کے معززین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ انجینئر حاجی نیاز احمد بلوچ نے بریفنگ میں بتایا کہ اس منصوبے پر مجموعی طور پر 10 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں پینے کے صاف پانی کی دیرینہ قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور کوہلو شہر سمیت گنجان آباد علاقے نیو کلی کے مکینوں کو بروقت صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔شرکا نے اس منصوبے کو عوامی فلاح کا اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے ہزاروں شہری مستفید ہوں گے اور پانی کی فراہمی کے دیرینہ مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔واضح رہے کہ تنگہ واٹر سپلائی پراجیکٹ کی تکمیل میں ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ انجینئر حاجی نیاز احمد بلوچ کی مسلسل محنت، نگرانی اور کاوشوں کو اہم قرار دیا جا رہا ہے، جن کی کوششوں سے یہ منصوبہ پای تکمیل تک پہنچا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں