کوہلو ڈیری فارم شدید مالی بحران کا شکار، بجٹ میں فوری اضافے کا مطالبہ

کوہلو(آوازٹائمز)بلوچستان کے ضلع کوہلو کے عوامی و سماجی حلقوں نے سیکریٹری فنانس بلوچستان، فرزندِ کوہلو عمران زرکون سے پرزور اپیل کی ہے کہ ضلع کوہلو کے ڈیری فارم کا بجٹ انتہائی کم کر دیا گیا ہے، جس کے باعث فارم کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔عوامی حلقوں کے مطابق موجودہ بجٹ سے صرف 8 جانوروں کی خوراک پوری ہو رہی ہے، جبکہ علاقائی رہنماں کے تعاون سے ڈیری فارم میں مجموعی طور پر 28 جانور پالے جا رہے ہیں۔ ڈیری فارم کے انچارج ڈاکٹر مجید احمد مری کا کہنا ہے کہ موجودہ بجٹ صرف 4 ماہ کے لیے جاری کیا گیا تھا، جبکہ باقی 8 ماہ کا بجٹ تاحال فراہم نہیں کیا گیا، جو فارم کے لیے ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔ڈاکٹر مجید احمد مری نے مزید کہا کہ جانوروں کی مناسب دیکھ بھال اور خوراک کے لیے 8 ماہ کے بجٹ کی ہنگامی بنیادوں پر فراہمی ناگزیر ہے، بصورت دیگر ڈیری فارم کا مستقبل شدید خطرات سے دوچار ہو سکتا ہے۔عوامی و سماجی حلقوں نے سیکریٹری فنانس عمران زرکون، سیکریٹری لائیو اسٹاک اور ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع کوہلو کے ڈیری فارم کے بجٹ میں فوری اضافہ کیا جائے تاکہ جانوروں کے لیے مناسب خوراک کا انتظام ممکن ہو اور یہ اہم منصوبہ فعال رہ سکے۔انہوں نے کہا کہ ڈیری فارم نہ صرف مقامی سطح پر روزگار کے مواقع فراہم کر رہا ہے بلکہ دودھ اور دیگر ضروریات کی فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے، اس لیے اس منصوبے کو نظرانداز کرنا علاقے کے عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہوگا۔عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ متعلقہ حکام عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اور عملی اقدامات کریں گے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں