کوئٹہ(آوازٹائمز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ گوادر کے موجودہ ڈپٹی کمشنر کی جگہ کسی کرپٹ افسر کو تعینات کرنے کی کوشش کسی صورت قابلِ قبول نہیں، عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لیے بغیر مخصوص لابی کے دبا میں آنے والی تعیناتیوں کے خلاف بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ماضی میں کرپٹ افسران کی تعیناتیوں کی وجہ سے گوادر زبوں حالی اور تباہی کا شکار ہوا، اب ایسی غلطی دہرانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اگر مخصوص مفاداتی گروہ نے کسی کرپٹ افسر کو گوادر میں تعینات کرنے کی کوشش کی تو عوامی احتجاج اور سیاسی مزاحمت کے ذریعے اس فیصلے کو روکا جائے گا۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی قوم کو دیانتدار، امانتدار اور باکردار قیادت فراہم کر سکتی ہے۔ ہم نے ہمیشہ قومی اور اجتماعی مسائل کو اجاگر کیا اور ان کے حل کے لیے عملی جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی آئی پی پیز کے خلاف جدوجہد سے قومی خزانے کو 3600 ارب روپے کا فائدہ پہنچا، جو ہماری اصولی سیاست کا منہ بولتا ثبوت ہے۔امیر جماعت اسلامی بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں جماعت اسلامی ایوان کے اندر اور باہر کرپٹ مافیا اور چوروں کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ جمہوری مزاحمت اور عوامی جدوجہد ہی مثبت تبدیلی اور مسائل کے حل کی ضامن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اس کرپٹ نظام کو بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اور اسی مقصد کے تحت 21 تا 23 نومبر کو لاہور میں بدل دو نظام کے عنوان سے کل پاکستان عظیم الشان اجتماعِ عام مینارِ پاکستان میں منعقد ہوگا، جس میں ملک بھر سے لاکھوں عوام، نوجوان، خواتین اور علمائے کرام شریک ہوں گے






