کوئٹہ(آوازٹائمز)پاکستان بار کونسل کے رکن منیر احمد خان کاکڑ نے ہنہ اوڑک میں مسلح افراد کے حملے اور مقامی نوجوانوں کی شہادت کے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ اور نہتے شہریوں کا خون بہانا انسانیت، قانون اور قبائلی روایات کے خلاف سنگین جرم ہے۔ انہوں نے ائیرپورٹ روڈ پر جاری دھرنے کے تمام جائز مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس دلخراش واقعے نے پورے صوبے کو سوگوار کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ معصوم نوجوانوں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ اور قابل مذمت عمل ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے وفاقی اور بلوچستان حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق عبرتناک سزا دی جائے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے۔منیر احمد خان کاکڑ نے کہا کہ اگر ایسے سفاک واقعات کے ذمہ داروں کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں نہ لایا گیا تو عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد مزید متاثر ہوگا۔ حکومت کی اولین ذمہ داری شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے، جس میں کسی قسم کی غفلت ناقابل قبول ہے۔انہوں نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے، زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے






