27دسمبر تاریخِ پاکستان کا وہ دردناک دن ہے، نور الدین کاکڑ

کوئٹہ (آوازٹائمز)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نورالدین کاکڑ نے دخترِ مشرق، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 27 دسمبر 2007 کی شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ27 دسمبر تاریخِ پاکستان کا وہ دردناک دن ہے جب جمہوریت، عوامی حقوق اور وفاق کی علامت محترمہ بینظیر بھٹو شہید ہم سے جدا ہوئیں۔ آج ان کی 18ویں برسی ہے اور قوم ایک عظیم قائدہ کی قربانی کو سلام پیش کر رہی ہے۔نورالدین کاکڑ نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو محض ایک سیاسی رہنما نہیں تھیں بلکہ وہ جمہوریت کی مضبوطی، آئین کی بالادستی اور عوامی خدمت کی ایک مکمل تحریک تھیں۔ پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم اور عالمِ اسلام کی پہلی منتخب خاتون سربراہِ حکومت ہونے کے ناطے انہوں نے آمریت کے اندھیروں میں جمہوریت کی شمع روشن کی اور عوام کو امید، حوصلہ اور وقار دیا۔انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے دونوں ادوارِ حکومت میں تعلیم، صحت، خواتین کے حقوق، مزدوروں اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے انقلابی اقدامات کیے۔ غریب عوام کے لیے بنیادی سہولیات کی فراہمی، خواتین کو بااختیار بنانے، نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنے اور جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے ان کی خدمات تاریخ کے سنہری ابواب میں شامل ہیں۔نورالدین کاکڑ نے کہا کہ شہید محترمہ نے قید و بند، جلاوطنی اور مسلسل جان کے خطرات کے باوجود عوام سے اپنا رشتہ کبھی کمزور نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے ہر مشکل وقت میں عوام کے درمیان رہ کر جمہوریت اور وفاق پاکستان کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھی اور بالآخر اپنی جان کا نذرانہ دے کر امر ہو گئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آج چیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اپنی شہید والدہ کے نظریات، جمہوری سوچ اور عوام دوست سیاست کو آگے بڑھاتے ہوئے نوجوان نسل کے لیے امید کی روشن کرن ہیں، جبکہ صدرِ پاکستان جناب آصف علی زرداری اپنی سیاسی بصیرت، تدبر اور مفاہمتی سیاست کے ذریعے شہید محترمہ کے مشن کو عملی شکل دے رہے ہیں۔ دونوں قائدین کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی جمہوریت، وفاق اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے صفِ اول میں کھڑی ہے۔آخر میں نورالدین کاکڑ نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانی کبھی فراموش نہیں کی جا سکتی۔ ان کی یادیں، ان کا وژن اور ان کا مشن ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے اور پاکستان پیپلز پارٹی کا ہر کارکن ان کے نظریات کی روشنی میں عوامی خدمت اور جمہوریت کے استحکام کے لیے جدوجہد جاری رکھے گا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں