کوئٹہ (روزنامہ آواز ٹائمز/بیورو رپورٹ) چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کہا ہے کہ بلوچستان نہایت اہمیت کا حامل صوبہ ہے جہاں نوجوانوں کی آبادی ملک کے باقی حصوں سے زیادہ ہے اور ان نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہمکنار کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ ان کا فوکس درست سمت کی طرف ہو صوبے کی 12.3 ملین آبادی ہے جہاں بہت زیادہ پیچیدگیاں ہیں، ان پیچیدگیوں کو ختم کرنا پورے ریجن کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیک ویلی پاکستان کو صوبائی حکومت تمام ضروری تعاون اور معاونت فراہم کریگی تاکہ وہ جلد از جلد اپنا کام شروع کرسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکومت بلوچستان اور ٹیک ویلی پاکستان کے اشتراک سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حکومت بلوچستان اور ٹیک ویلی پاکستان (Tech Valley) کے درمیان ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط بھی کئے گئے, تقریب میں چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی، سیکرٹری اطلاعات حمزہ شفقات، سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی بابر خان،سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی طیب لہڑی، سیکرٹری کالجز حافظ عبد الماجد، سیکرٹری انڈسٹریز ٹیک ویلی پاکستان کے نمائندے عمر فاروق اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، قبل ازیں ٹیک ویلی پاکستان کے نمائندے عمر فاروق نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹیک ویلی پاکستان بلوچستان کے 1000نوجوانوں کو 5 لاکھ ڈالر مالیت کے سکالر شپ کے مواقع فراہم کرے گی اور منتخب نوجوانوں کو گوگل کے اشتراک سے تربیت فراہم کی جائے گی، نوجوانوں کو تربیت کی تکمیل کے بعد گوگل کیرئیر سرٹیفیکیٹ تفویض کیا جائے گا جبکہ تربیت کی تکمیل کے بعد ان نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے، انہوں نے بتایا کہ ٹیک ویلی پاکستان کے دیگر صوبوں میں اپنے خدمات پیش کر رہی ہے اور اب اس کا فوکس بلوچستان ہے جس میں شعبہ تعلیم، آئی ٹی، لیبر اور انڈسٹریز اس سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خواہشمند نوجوان ٹیک ویلی کی ویب سائٹ.www.techvalley.pk/gcc کے ذریعے خواہشمند نوجوان اپلائی کرنے کے اہل ہوں گے۔ تقریب کے اختتام پر چیف سیکرٹری بلوچستان اور ٹیک ویلی پاکستان کی وفد نے آپس میں شیلڈ کا تبادلہ کیا۔
روزنامہ آواز ٹائمز اسلام آباد Daily Awaz Times Islamabad








