اسلام آباد(روزنامہ آواز ٹائمز/محمدداود) پاکستان میں منکی پاکس کے دو کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیشِ نظر بیرون ملک سے آنے والے مشتبہ مریضوں کی اسکریننگ کا فیصلہ کر لیا گیا، محکمہ صحت نے ائیرپورٹس کو ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے ائیرپورٹس پر متعلقہ محکموں کو گائیڈ لائینز پر عملدرآمد کی ہدایت کردی.
ہدایت نامہ میں کہا گیا کہ طیارے میں موجود مشتبہ مریض کی نشاندہی کی جائے، مشتبہ مریض کو روٹین کے ڈپارچر کے بجائے ایمبولینس کے ذریعے نکالا جائے، متاثرہ مریض کی امیگریشن ائیرلائن اسٹاف کروائے گا، محکمہ صحت کے ہدایت نامہ کے مطابق مریض کے سفری دستاویزات باقاعدہ لفافہ میں بند کر کے لائے جائیں، وائرس کے خطرے کے پیش نظرائیرپورٹس پر پروٹوکول سروس فوری بند کی جائے۔
ہدایت نامہ میں کہا گیا کہ محکمہ ہیلتھ کے اہلکار مسافروں کے سامان پر جراثیم کش اسپرے کریں اور اہلکار حفاظتی پی پی ای کٹس لازمی استعمال کریں.






