حب(ڈیلی آواز ٹائمز/سٹی رپورٹر) بلوچستان کے صنعتی شہر حب کی بلوچ خان رند کالونی، نزد جامع مسجد اقصیٰ، میں گزشتہ رات پیش آنے والی چوری کی واردات کے بعد بیروٹ پولیس حرکت میں آگئی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر بیروٹ پولیس کے اے ایس آئی حبیب رضا فوری طور پر موقع پر پہنچے، جہاں انہوں نے متاثرہ گھروں کا تفصیلی معائنہ کیا، جائے وقوعہ کا جائزہ لیا اور متاثرہ خاندانوں سے واقعے کی مکمل تفصیلات حاصل کیں۔متاثرہ خاندانوں نے پولیس کو بتایا کہ نامعلوم چور رات کی تاریکی میں گھروں میں داخل ہوئے اور ایک گھر سے تقریباً 10 لاکھ روپے نقدی جبکہ دوسرے گھر سے 6 اسمارٹ موبائل فون چوری کرکے فرار ہوگئے۔ متاثرین نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور علاقے میں سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں۔اس موقع پر اے ایس آئی حبیب رضا نے متاثرہ شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ تھانے میں باقاعدہ درخواست جمع کرا کر ایف آئی آر درج کرائیں تاکہ قانونی کارروائی کا فوری آغاز کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر کے اندراج کے بعد پولیس جدید خطوط پر تحقیقات کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔اے ایس آئی حبیب رضا نے مزید کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور بلوچ خان رند کالونی سمیت ملحقہ علاقوں میں رات کے اوقات میں پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔علاقہ مکینوں نے پولیس کی موقع پر آمد کو مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور آئندہ اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔






