ایف سی میوند رائفلز میں نئے کمانڈنٹ کرنل محمد نصیر احمد کا شاندار استقبال، بریگیڈیئر فاروق اشرف کو تاریخی خدمات پر بھرپور خراج تحسین

کوہلو، (ڈیلی آواز ٹائمز/موسیٰ جان مری) تفصیلات کے مطابق ضلع کوہلو میں ایف سی میوند رائفلز ہیڈکوارٹر میں نئے کمانڈنٹ ایف سی کرنل محمد نصیر احمد کی آمد اور سابق بریگیڈ کمانڈر میوند رائفلز بریگیڈیئر فاروق اشرف کے اعزاز میں ایک پروقار استقبالیہ و الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دمڑ، ایس پی کوہلو محمد طیب اقبال، کوہلو، بارکھان اور اپر ڈیرہ بگٹی کے قبائلی عمائدین، معتبرین، سرکاری آفیسران، ایف سی کے اعلیٰ آفیسران، جوانوں اور دیگر معزز مہمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے بریگیڈیئر فاروق اشرف کی خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہا اور کہا کہ ان کی قیادت میں کوہلو سمیت ملحقہ علاقوں میں امن و امان کے قیام، عوامی اعتماد کی بحالی، ترقیاتی سرگرمیوں کے فروغ اور سول انتظامیہ کے ساتھ موثر تعاون میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں شرکاء نے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں، عوام دوست رویہ اور ذمہ دارانہ قیادت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

اس موقع پر نئے کمانڈنٹ کرنل محمد نصیر احمد کا استقبال کیا گیا شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں ایف سی میوند رائفلز عوامی خدمت، امن و استحکام، قانون کی بالادستی اور قومی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں مزید فعال اور موثر کردار ادا کرے گی مقررین نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ سول انتظامیہ، سیکورٹی اداروں اور عوام کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ علاقے میں امن، خوشحالی اور ترقی کا سفر اسی طرح جاری رہے۔

تقریب کے اختتام پر بریگیڈیئر فاروق اشرف کی خدمات کے اعتراف میں انہیں یادگاری تحائف پیش کیئے گئے جبکہ نئے کمانڈنٹ کرنل محمد نصیر احمد کو بھی خیرسگالی کے تحائف دیے گئے، تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جہاں شرکاء نے بریگیڈیئر فاروق اشرف کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کی آئندہ ذمہ داریوں میں کامیابی کی دعا کی ہے جبکہ کرنل محمد نصیر احمد کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا نئے کمانڈنٹ نے اپنے خطاب میں علاقے کے عوام کے ساتھ قریبی رابطے، امن کے فروغ اور خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں