وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) حکومتِ بلوچستان کا ایک اہم ترقیاتی پروگرام ہے، جس کا مقصد صوبے کے پسماندہ اضلاع میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، عوامی معیارِ زندگی میں بہتری اور مقامی ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد ہے۔ بلوچستان کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع کیچ بھی ان اضلاع میں شامل ہے جہاں اس پروگرام کے تحت مختلف منصوبوں کے لیے فنڈز مختص کیے گئے۔
ضلع کیچ میں BSDI کے تحت پینے کے صاف پانی، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، تعلیمی اداروں کی بحالی، صحت کی سہولیات میں بہتری، سولر توانائی اور دیگر بنیادی ڈھانچے سے متعلق متعدد منصوبے شروع کیے گئے۔ ان منصوبوں کا مقصد دور دراز علاقوں تک ترقی کے ثمرات پہنچانا اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
بلیدہ، دشت، تمپ اور دیگر علاقوں میں واٹر سپلائی اسکیمیں، سولرائزیشن، اسکولوں اور دیہی سڑکوں کے منصوبے مقامی آبادی کی دیرینہ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے منظور کیے گئے۔ اگر یہ منصوبے معیاری انداز میں مکمل ہوں تو ہزاروں خاندانوں کو براہِ راست فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
ترقیاتی فنڈز کی کامیابی کا انحصار صرف رقم مختص کرنے پر نہیں بلکہ شفافیت، بروقت تکمیل اور معیاری تعمیر پر بھی ہوتا ہے۔ عوام کی توقع ہے کہ ہر منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہو اور اس کے لیے مختص فنڈز درست طور پر استعمال کیے جائیں۔
اس حوالے سے حکومتی پالیسی واضح ہے کہ تمام منصوبوں کی تفصیلات، لاگت، کنٹریکٹرز، تکمیل کی مدت اور پیش رفت عوام کے سامنے لائے جائینگے تاکہ احتساب اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس سے عوام کا اعتماد بھی بڑھے گا اور منصوبوں کی نگرانی مؤثر ہوگی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے منتخب عوامی نمائندوں، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں پر یہ ذمہ داری عائد کی ہے کہ وہ باقاعدگی سے منصوبوں کا معائنہ کریں اور ناقص یا سست رفتار کام پر فوری کارروائی کریں۔
ضلع کیچ جیسے وسیع رقبے کے حامل علاقے میں پانی، تعلیم، صحت اور سڑکوں کے مسائل بنیادی نوعیت کے ہیں۔ اگر BSDI کے منصوبے کامیابی سے مکمل ہوتے ہیں تو یہ نہ صرف عوامی مشکلات کم کریں گے بلکہ معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا۔
اس کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی، سماجی تنظیموں اور میڈیا کو بھی ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی میں مثبت کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ عوامی وسائل کا درست استعمال یقینی بنایا جا سکے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے بعد ان کی دیکھ بھال کے لیے بھی مناسب فنڈز اور نظام وضع کیا جائے، کیونکہ کئی منصوبے تعمیر کے بعد مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث جلد غیر فعال ہو جاتے ہیں۔
بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو ضلع کیچ کے لیے ایک اہم موقع ہے۔ اگر اس پروگرام کے تحت مختص فنڈز بروقت اور منصوبہ بندی کے ساتھ خرچ کیے جائیں تو یہ ضلع کیچ کی ترقی، عوامی خوشحالی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے۔
تحریر: چاکر بلوچ






