خالق آباد منگچر بازار کی بندش سے کاروبار تباہ، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا، فوری کھولنے کا مطالبہ

خالق آباد منگچر (ڈیلی آواز ٹائمز/اعجازالحق مینگل) خالق آباد منگچر کے تاجروں نے سیکیورٹی کے باعث خالق آباد منگچر بازار کی مسلسل بندش پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت بلوچستان، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ سیکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ بازار کی بندش کے فیصلے پر فوری نظرثانی کرتے ہوئے کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر بحال کی جائیں۔
ان خیالات تاجر رہنماؤں حاجی عبدالقیوم مینگل، میر بھاول خان محمدشہی، غلام محی الدین نیچاری، استاد محمد حسن شاہوانی، میر محمد افضل شاہوانی، حاجی ہدایت اللہ لانگو، حاجی محمد اسماعیل لانگو، حاجی عبدالستار مری، میر حفیظ مینگل، استاد محمد اسلم سمالانی، حاجی محمد اعظم سمالانی، ڈاکٹر عبدالقیوم محمدشہی، کفایت اللہ لہڑی، کونسلر محمد صلاح نیچاری، ماما ظاہر رئیسانی، زاہد بنگلزئی، حاجی مولاداد سمالانی، حسن گل شاہوانی، ملا محمد عمر مینگل، قصاب محمد ناصر سمالانی، قصاب بابل جان لانگو، محمد رمضان رند اور دیگر نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کئی روز سے خالق آباد منگچر بازار بند ہے، جبکہ گزشتہ دو تین روز کے دوران بھی صرف چار چار گھنٹے کے لیے کاروبار کھولنے کی اجازت دی گئی، جس سے تاجروں، دکانداروں، دیہاڑی دار مزدوروں، ریڑھی بانوں اور دیگر محنت کش طبقے کا روزگار بری طرح متاثر ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلسل بندش کے باعث متعدد خاندان نانِ شبینہ کے محتاج ہو چکے ہیں اور عوام شدید ذہنی و معاشی پریشانی کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قلات اور مستونگ کے بازار معمول کے مطابق کھلے ہوئے ہیں، تاہم ان دونوں شہروں کے درمیان واقع خالق آباد منگچر بازار کو بند رکھنا مقامی آبادی اور تاجروں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خالق آباد منگچر کے عوام کو بھی دیگر علاقوں کی طرح کاروبار اور آمدورفت کی سہولت فراہم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ جوہان، نرمک، سارون، گزگ، شیخڑی، سنجدی، شیخ حاجی، گندگین، مکی اور دیگر درجنوں دیہاتوں کے ہزاروں شہری علاج معالجے، اشیائے خوردونوش اور روزمرہ ضروریات کی خریداری کے لیے جوہان کراس بازار آتے ہیں، مگر بازار کی بندش کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا ہے۔

انہوں نے وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو، ڈپٹی کمشنر قلات، اسسٹنٹ کمشنر خالق آباد، متعلقہ سیکیورٹی حکام اور منتخب عوامی نمائندوں سے اپیل کی کہ عوامی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے خالق آباد منگچر بازار کو فوری طور پر مکمل کھولنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ کاروباری سرگرمیاں بحال ہوں، عوام کو ریلیف ملے اور معمولاتِ زندگی دوبارہ رواں ہو سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں