پنجگور (ڈیلی آواز ٹائمز/چاکر صیدیق بلوچ)ضلعی انتظامیہ پنجگور کی ہدایات پر یومِ آزادی کے سلسلے میں گرلز کالج خدابادان میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر پنجگور جہانزیب بلوچ اور ڈپٹی کمانڈنٹ پنجگور رائفلز کرنل معراج تھے اور کالج پرنسپل محترمہ فرزانہ اور اساتذہ نے استقبال کیا۔ تقریب میں طالبات نے ملی نغمے، تقاریر اور یومِ آزادی کے حوالے سے کوئز پروگرام میں بھرپور حصہ لیا۔ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمانڈنٹ پنجگور کرنل معراج نے کہا کہ پاکستان ہمارے لیے ایک عظیم نعمت ہے اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اسکے علاوہ ڈپٹی کمشنر پنجگور جہانزیب بلوچ نے کہا کہ نوجوان نسل خصوصاً طلبہ و طالبات ملک کے روشن مستقبل کی امید ہیں، انہیں تعلیم کے ساتھ اور قومی ذمہ داریوں کا شعور بھی حاصل کرنا چاہیے۔ تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی.






