جرائم کی روک تھام، ناکہ بندی، اسنیپ چیکنگ، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور مؤثر نگرانی کے نظام کو مزید فعال بنایا جائے، ڈی آئی جی لسبیلہ رینج

حب (ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی)ڈی آئی جی لسبیلہ رینج جناب عبدالقیوم پتافی نے ضلع حب کا دورہ کیا اور پولیس افسران سے تعارفی ملاقات کی۔ اس موقع پر ضلع حب کے پولیس افسران کے ساتھ ایک جامع اور تفصیلی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، جرائم کی روک تھام، پولیسنگ کے نظام، عوامی شکایات کے ازالے اور پولیس کی کارکردگی سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایس پی حب مرزا بلال حسن، ایس ڈی پی او حب امام یعقوب بلوچ، ایس ڈی پی او وندر محمد جان ساسولی، اے ایس پی یو ٹی عدنان، ڈی ایس پی یو ٹی آفتاب عمرانی، ونگ کمانڈر عبدالخالد اور ضلع حب کے تمام ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ڈی آئی جی لسبیلہ رینج نے پولیس افسران سے تعارفی گفتگو کرتے ہوئے ضلع حب کی جغرافیائی و صنعتی اہمیت کے پیش نظر امن و امان کے قیام، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی، منشیات و اسلحہ کے خلاف کریک ڈاؤن، اشتہاری و مفرور ملزمان کی گرفتاری اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح قرار دیا۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ تھانوں کی سطح پر پولیسنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے، عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ رویہ اختیار کیا جائے اور شہریوں کی شکایات پر فوری قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی کارکردگی کا بنیادی مقصد عوام کو محفوظ، پرامن اور بہتر ماحول فراہم کرنا ہے۔ڈی آئی جی نے افسران پر زور دیا کہ جرائم کی روک تھام کے لیے پٹرولنگ، ناکہ بندی، اسنیپ چیکنگ، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور مؤثر نگرانی کے نظام کو مزید فعال بنایا جائے، جبکہ حساس اور اہم مقامات، صنعتی علاقوں، شاہراہوں اور داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی انتظامات کو مسلسل بہتر بنایا جائے۔اجلاس کے دوران ضلع حب میں افسران نے اپنے اپنے علاقوں کی صورتحال، درپیش چیلنجز اور پولیس کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے ڈی آئی جی لسبیلہ رینج کو آگاہ کیا۔ڈی آئی جی لسبیلہ رینج نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ قانون کی بالادستی، میرٹ، شفافیت، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود، ڈیوٹی کے دوران حفاظتی اقدامات اور محکمانہ نظم و ضبط پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔اس موقع پر ایس پی حب مرزا بلال حسن نے ڈی آئی جی لسبیلہ رینج کو ضلع حب میں امن و امان اور جرائم کی روک تھام کے حوالے سے پولیس کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا اور یقین دہانی کرائی کہ ضلع پولیس حب عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی عملداری کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔اجلاس کے اختتام پر ڈی آئی جی لسبیلہ رینج نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمت، مؤثر پولیسنگ اور جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس کے اصولوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی، دیانت داری اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ انجام دیں۔

کیٹاگری میں : حب

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں