“تدریس صرف ایک نوکری نہیں بلکہ ایک مقدس قومی و اخلاقی فریضہ ہے، ‌وشدل خان

پنجگور(ڈیلی آواز ٹائمز/چاکر صدیق بلوچ) گورنمنٹ بوائز ہائی سکول سوردو پنجگور میں وشدل خان کی 37 سالہ تدریسی خدمات اور شاندار ریٹائرمنٹ پر ایک پروقار اور جذباتی الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں 37 سالہ طویل تعلیمی و تدریسی خدمات کی تکمیل پر سینئر استاد جناب وشدل خان کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ موصوف یکم اگست 2026ء کو اپنی ملازمت کی باقاعدہ مدت پوری کرنے کے بعد شرفِ ریٹائرمنٹ سے ہمکنار ہوئے۔ اس الوداعی تقریب میں سکول کے ہیڈ ماسٹر، اساتذہ کرام، طلبہ نے شرکت کی۔ وشدل خان نے اپنے حرفہ تدریس کا آغاز 1989ء میں بطور JVT (جونیئر ورنیکلر ٹیچر) کیا۔ اپنے 37 سالہ طویل تعلیمی کیریئر کے دوران انہوں نے ضلع کے مختلف تعلیمی اداروں میں انتہائی خلوص کے ساتھ خدمات سر انجام دیں اور ہزاروں طلبہ کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کیا۔ وشدل خان کی پہلی تعیناتی 1989ء میں بطور JVT گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول شہباز قلات کاٹاگری میں ہوا یہاں انہوں نے مسلسل 10 سال تک ابتدائی تعلیم کے فروغ اور بچوں کی بنیادی تربیتی پرورش میں اہم کردار ادا کیا۔
​1999ء میں ان کا تبادلہ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول خدا بادان میں ہوا، جہاں انہوں نے 7 سال تک تدریسی فرائض سر انجام دیے۔
​ 2006ء میں ان کا تبادلہ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول سوردو میں ہوا، جہاں انہوں نے اپنی زندگی کا سب سے طویل اور یادگار حصہ یعنی مسلسل 20 سال تک خدمات سر انجام دیں اور 1 اگست 2026ء کو اسی سکول سے ریٹائر ہوئے۔ ​تقریب کے دوران انتہائی جذباتی اور یادگار مناظر دیکھنے کو ملے۔​ تقریب کے دوران وشدل خان نے تمام طلبہ سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان پر شفقت کا ہاتھ رکھا۔ طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے وہ آبدیدہ ہو گئے اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “تدریس صرف ایک نوکری نہیں بلکہ ایک مقدس قومی و اخلاقی فریضہ ہے، جسے میں نے ہمیشہ اپنی نیت اور محنت سے نبھانے کی کوشش کی۔ سکول کا ماحول اور بچے میری زندگی کا سب سے قیمتی اثاثہ رہے ہیں”۔ انہوں نے طلبہ کو تاکید کی کہ وہ محنت، ایمانداری اور تعلیم کا دامن کبھی نہ چھوڑیں۔​ سکول کے ہیڈ ماسٹر صاحب نے اپنے صدارتی خطاب میں جناب وشدل خان کی 37 سالہ خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وشدل خان وقت کی پابندی، تدریسی لگن اور اعلیٰ نظم و ضبط کا بہترین نمونہ تھے۔ بالخصوص سوردو سکول میں ان کی 20 سالہ بلا تعطل خدمات اس ادارے کے لیے ایک عظیم اثاثہ ہیں، اور ان کی ریٹائرمنٹ سے پیدا ہونے والا خلا طویل عرصے تک محسوس کیا جائے گا۔​تقریب کے اختتام پر سکول انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ کی جانب سے وشدل خان کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور یادگاری تحائف پیش کیے گئے۔ تمام حاضرین نے ان کی 37 سالہ بے لوث تعلیمی خدمات کے اعتراف میں انہیں کھڑے ہو کر سلام پیش کیا اور ان کی باقی ماندہ زندگی کے لیے صحت، سلامتی اور خوشحالی کی دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں