حب کو منظور شدہ حصے کے مطابق 142 کی جگہ صرف 110 کیوسک پانی فراہم کیا جا رہا ہے، کمشنر لسبیلہ ڈویژن

حب(ڈیلی آواز ٹائمز/نیازاللہ سمالانی)کمشنر لسبیلہ ڈویژن کی زیرِ صدارت پانی کے مسائل سے متعلق ایک اہم اجلاس لیڈا کے کانفرنس ہال میں کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطا کی زیرِ صدارت منعقد ہوااجلاس میں ڈپٹی کمشنر حب، ونگ کمانڈر ایف سی، ایکسیئن ایریگیشن، ایکسیئن پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای)، ڈی ایس پی، اسسٹنٹ کمشنر حب، ایکسیئن حب ڈیم اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس میں پانی کی موجودہ صورتحال، فراہمی، تقسیم اور دستیاب آبی وسائل کے مؤثر انتظام سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ حب کو منظور شدہ حصے کے مطابق 142 کیوسک پانی ملنا چاہیے، تاہم اس وقت حب کو صرف 110 کیوسک پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جس کے باعث ضلع کو اپنے جائز اور منظور شدہ حصے سے کم پانی مل رہا ہے۔اجلاس میں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ حب ڈیم میں پانی کی مناسب مقدار موجود ہونے کے باوجود عام شہریوں، صنعتوں اور زمینداروں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے اور تمام متعلقہ شعبے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ایکسیئن ایریگیشن نے غیر قانونی پانی چوری، غیر قانونی کنکشنز اور دیگر بے ضابطگیوں کے خلاف متعدد کارروائیاں کی ہیں، تاہم ان اقدامات کے باوجود عام عوام تک پانی کی مناسب اور تسلسل کے ساتھ فراہمی تاحال یقینی نہیں بنائی جا سکی۔چیئرپرسن نے واپڈا حکام کو ہدایت کی کہ حب کو اس کا منظور شدہ اور جائز حصہ 142 کیوسک پانی فوری طور پر بحال کیا جائے تاکہ پانی کی قلت کے باعث پیدا ہونے والے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔اجلاس میں اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ پانی کی قلت کے باعث بعض علاقوں میں امن و امان کی صورتحال بھی متاثر ہو رہی ہے۔ اجلاس کے شرکاء نے پانی کے مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے تمام متعلقہ محکموں اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان باہمی رابطے اور مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا.

کیٹاگری میں : حب

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں