حب میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کا مرکزی جلوس، علماء و عوام کی بڑی تعداد میں شرکت

حب (ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی) بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں جشن عید میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں مرکزی میلاد جلوس نورانی مسجد ساکران روڈ سے برآمد ہوا، جو مختلف شاہراہوں سے ہوتا ہوا مین آر سی ڈی روڈ پہنچا اور مقررہ راستے پر گشت کرتے ہوئے مینار کے مقام سے ہوتا ہوا جمع خان ہوٹل پر پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کر گیامرکزی جلوس کی قیادت مولانا غلام محمد اور علماء اہل سنت نے کی، جبکہ جلوس میں علماء کرام، دینی کارکنان اور عوام الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پینا فلیکس اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر حضور ﷺ کی آمد مرحبا پرنور کی آمد مرحبا اور جشن عید میلاد النبی ﷺ جیسے نعرے اور عبارتیں درج تھیں جلوس کے دوران شرکاء نے درود و سلام اور نعتیہ کلام پیش کیا، جبکہ فضا میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے مذہبی جوش و جذبہ نمایاں رہا۔ جلوس کے راستے میں شہریوں کی جانب سے بھی شرکاء کا استقبال کیا گیاجمع خان ہوٹل کے مقام پر جلوس جلسے کی شکل اختیار کر گیا، جہاں جلسے کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ بعد ازاں علماء کرام اور مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 12 ربیع الاول مسلمانوں کے لیے انتہائی بابرکت اور تاریخی دن ہے، کیونکہ اسی دن خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی آمد پوری انسانیت کے لیے رحمت کا پیغام ہے اور ہمیں آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ پر عمل کرتے ہوئے اپنی زندگیوں کو سنوارنا چاہیے۔مقررین نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے انسانیت کو محبت، اخوت، بھائی چارے، عدل و انصاف اور امن کا درس دیا۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں اور معاشرے میں امن، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیں آخر میں ملک و قوم کی سلامتی، امن و استحکام اور امت مسلمہ کی سربلندی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے مرکزی جلوس کے موقع پر ایس ایس پی حب کی ہدایت پر پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ مین آر سی ڈی روڈ اور جلوس کے دیگر راستوں کے اطراف میں پولیس اہلکار تعینات رہے، جبکہ جلوس کی سکیورٹی اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے اہلکاروں نے اپنے فرائض انجام دیےعید میلاد النبی ﷺ کے مرکزی جلوس کے موقع پر حب شہر میں مذہبی جوش و جذبہ دیکھنے میں آیا اور بڑی تعداد میں علماء کرام، دینی کارکنان اور شہریوں نے شرکت کرکے حضور اکرم ﷺ سے اپنی والہانہ محبت و عقیدت کا اظہار کیا.

کیٹاگری میں : حب

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں