شرپسندوں کو آئین و قانون کے مطابق سزا ملے گی،شہباز شریف

پشاور (روزنامہ آواز ٹائمز/جہانگیرخان) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ9اور 10مئی کے دلخراش واقعات نے پاکستانی عوام کو رنجیدہ کیا ، 9مئی کے شرپسندوں اور دہشتگردوں میں کوئی فرق نہیں ،تاریخی اور قومی ورثوں کو جلا دینا کہاں کی حب الوطنی ہے ؟ شرپسندوں کو آئین و قانون کے مطابق سزا ملے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے یوم تکریم شہدا کے موقع پر ریڈیو پاکستان پشاور کا دورہ کیا جہاں ڈی جی ریڈیو پاکستان پشاور نے وزیراعظم کو 9اور 10مئی کو ہونیوالے واقعات پر بریفنگ دی ۔ وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریڈیو پاکستان کی تاریخ عمارت دیکھ کر بہت دکھی ہوں یہ وہی تاریخی عمارت ہے جہاںسے 14اگست 1947 کو پاکستان کی آزادی کی صدائیں بلند ہوئی اور پوری دنیا کو بتا یا گیا کہ پاکستان معرض وجو د میں آچکا ہے لیکن بدقسمتی سے 9اور 10مئی کے دلخراش واقعات نے پاکستانی عوام کو رنجیدہ کیا ، تاریخی اور قومی ورثوں کو جلا دینا، تباہ کردینا کہاں کی حب الوطنی اور کہا ں کی عقلمندی ہے؟ اس سے بڑھ کر کوئی ملک دشمنی نہیں ہوسکتی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ساتھ ہی چاغی کی یادگار تھی اسے راکھ کا ڈھیر بنادیا گیا، یہ یادگار پاکستان کی دفاعی قوت کا شاہکار تھا۔ یہاں موجود آرکائیوز کو بھی جلا دیا گیا، قومیں اپنی شناخت اور تاریخی ورثے کو جان سے بھی عزیز رکھتی ہیں اور یہاں انہیں راکھ کا ڈھیر بنادیا گیا، کاش کہ وہ ڈیجیٹائز ہوچکی ہوتیں لیکن وقت نے ساتھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ قیامت تک دشمن پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، شرپسندوں کو آئین و قانون کے تحت سزا ملے گی، جو کام ہمارا ازلی دشمن اتنے عرصے میں نہ کر سکا وہ کام اپنوں نے دہشتگرد اور دشمن بن کر سرانجا م دیا،9مئی کے شرپسندوں اور دہشتگردوں کے درمیان کو ئی فرق نہیں ہے ۔ 100 سال کے تاریخی اور قومی ورثے کو جلا دیا گیا ۔ وزیراعظم نے ریڈیو پاکستان کے ملازمین کیلئے تنخواہوں کی ادائیگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی تنخواہیں فوری طور پر اد ا کی جائیں، وزیراطلاعات کو ہدایت دیتا ہوں کہ فوری طور پر ریڈیوپاکستان کی مرمت کا کام کرائیں۔دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9مئی کے واقعات کا پاکستانی قوم پر بہت گہرا اثر ہوا ہے ،75سالہ تاریخ میں کسی کو بھی ایسا کرنے کی جرات نہیں ہوئی جو عمران خان اور اس کے حواریوں نے کیا ہے ، سویلین املاک پر حملہ کرنے والوں کیخلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ ، آرمی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کیخلاف آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائینگے ، پوری قوم نے عمران خان کا مکروہ چہرہ دیکھ لیا ہے ۔ گورنر ہائوس خیبرپختونخوا میں سیاسی قائدین کے اجلاس کی صدارت کے دوران اپنے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ نو مئی کے تمام واقعات کا پوری قوم پر بہت گہرا اثر ہوا ہے شہداء کی قربانیوں کو کوئی زائل نہیں کرسکتا عمران خان کی ہدایت پر جتھوں کے جتھوں نے حملے کئے حملے پر اکسانے والے گالم گلوچ اور ریاست مخالف نعرے لگانے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ75سالہ تاریخ میں کسی کو ایسا کرنے کی جرات نہیں ہوئی احتجاج مظاہرے ہوتے تھے مگر عسکری تنصیبات کی طرف کسی کو بھی دیکھنے کی ہمت نہیں ہوتی تو نہ کوئی جاتا تھا مگر پاکستان تحریک انصاف نے دشمن والا کام کیا جیسے دشمن ملک جب حملہ کرتا ہے تو وہ عسکری تنصیبات کو نشانہ بناتا ہے پاکستان تحریک انصاف نے بھی ایسا ہی کیا اس طرح کے اقدامات کرنے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سویلین املاک پر حملہ کرنے والے اور تھوڑ پھوڑ کرنے والوں کیخلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمات قائم کئے جائینگے اور آرمی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں پر آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات قائم کئے جائینگے اس طرح کے اقدامات سے پوری قوم نے عمران خان کا مکروہ چہرہ دیکھ لیا ہے اور یہ کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں