وڈھ میں حالات کشیدہ، سردار اخترمینگل اور میرشفیق مینگل کے افراد ایک دوسرے کیخلاف مورچہ بند

خضدار (روزنامہ آواز ٹائمز) وڈھ کے حالات انتہائی گمبھیر شکل اختیار کرگئے، جنگی لاوا کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔ مینگل قبیلے کی دو اہم شخصیات ایک دوسرے کیخلاف مورچہ بند۔ دونوں طرف سے جنگ کی تیاریاں جاری، فریقین کی جانب سے خندقیں بنا دی گئیں۔ دوسرے علاقوں سے مسلح افراد کی وڈھ پہنچے کی اطلاعات ہیں۔ وڈھ بازار کے قریبی پہاڑوں اور زمینی راستوں پر مسلح افراد کا مکمل کنٹرول ہے۔

حالات کی خرابی کی وجہ سے وڈھ بازار بند کروا دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ رات گئے علمائے کرام نے انتظامیہ اور قبائلی شخصیات پر مشتمل ایک وفد کے ہمراہ وڈھ میں فریقین کی دونوں اہم شخصیات سے ملاقات کی گئی جو بے نتیجہ رہی۔ سردار اختر مینگل سے رات 1 بجے سے صبح 4 بجے تک تفصیلی نشست کی۔ اس موقع پر میرشفیق الرحمٰن ودیگر سے بھی رابطہ کیا گیا اور فریقین کو اپنی اپنی حدود میں رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی جانب پیش قدمی کرنے سے پابند ہونے کی تاکید کی گئی۔

وفد کی جانب سے حالیہ کشیدگی سمیت مسئلے کے مستقل حل کیلئے اتفاق اور کوششیں مزید تیز کرنے کا عزم کیا گیا۔ وفد میں جمعیت علماءاسلام پاکستان کے بزرگ علماءکرام مولانا قمر الدین، سینیٹر مولانا فیض محمد سمالانی، سردار نصر اللہ خان ساسولی، مولانا عبدالصبور مینگل، حافظ جمیل احمد ابرار شامل تھے۔ بہر حال اس حوالے سے مذکرات بغیر نتیجہ ختم ہونے کی اطلاعات ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں