پاکستان خطے میں تنا نہیں ترقی چاہتا ہے،وزیراعظم

اسلام آباد(روزنامہ آواز ٹائمز) وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں تنا نہیں ترقی چاہتا ہے،ماضی کی طرح وسائل ضائع نہیں کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سوئزر لینڈ کے درمیان قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے تعاون کی مفاہمتی یاد داشت پر دستخط سے متعلق تقریب کا انعقاد کیا گیا،وزیراعظم شہاباز شریف اور سوئزر لینڈ کے وزیر خارجہ اگنازئیو کاسیس نے تقریب میں شرکت کی۔چیئرمین این ڈی ایم اے اور سوئس وزیر خارجہ نے یاد داشت پر دستخط کئے،دونوں ممالک میں مفاہمتی یاد داشت پر دستخط اہم قدم ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ سوئس وزیر خارجہ سے مفید اور تعمیری گفتگو ہوئی،دونوں ممالک میں سیاحت کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ پاکستان دنیا میں امن اور خوشحالی چاہتا ہے،جدید ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے۔انکا کہنا تھا کہ ماضی کی طرح وسائل ضائع نہیں کرنا چاہتے،پاکستان خطے میں تنا نہیں ترقی چاہتا ہے۔ تعلیم،آئی ٹی اور خواتین کی تعلیم کے فروغ کیلئے پاکستان کردار ادا کرتا رہے گا۔ قبل ازیں شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت شروع کی گئی لیپ ٹاپ سکیم اب پاکستانی نوجوانوں کی ترقی کا ایک نظریہ بن چکی ہے،اس سکیم سے نہ صرف علمی انقلاب بلکہ آن لائن روزگار کے عملی مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔مجھے بے حد خوشی ہوئی کہ اس مفید سکیم سے بہترین فوائد حاصل کرتے ہوئے ہمارے ہونہار طلبہ کامیابی کی بے مثال داستانیں رقم کر رہے ہیں،اس سکیم کے لئے ہماری حکومت نے مزید رقم بڑھا دی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر مزید ایک لاکھ ہونہار طالب علموں میں لیپ ٹاپ کی مرحلہ وار تقسیم شروع کر دی گئی ہے تاکہ ہمارے نوجوانوں کے تعلیمی اور علمی سفر میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں