لسبیلہ(خدابخش لاسی/ڈسٹرکٹ بیوروچیف)ڈپٹی کمشنر لسبیلہ مراد خان کاسی نے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں عوام کو اشیا خوردونوش میں ریلیف دینے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی، ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کونسل ہال اوتھل میں میونسپل کمیٹی اوتھل، میونسپل کمیٹی بیلہ اور یونین کونسلز کے نومنتخب کونسلران اور دکانداروں سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے تمام کونسلران سے تجاویز طلب کی کہ ماہ رمضان المبارک میں عوام کو اشیا خوردونوش کی خریداری کے لئے کیا اقدامات کئے جائیں اور عوامی مسائل حل کرنے کے لئے بیلہ شہر میں ایک کھلی کچہری کا بھی اہتمام کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ کونسلران اور لسبیلہ کے معززین نے ضلعی انتظامیہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا انہوں نے کہا کہ اوتھل، بیلہ اور ہنگلاج ماتا کے ماسٹر پلان تیار ہوچکے ہیں اس پر جلد عملدرآمد کیا جائے گا انہوں نے تمام منتخب نمائندوں سے کہا کہ تجاوزات پر خاص نظر رکھیں تاکہ غیرقانونی تعمیرات کو روکا جاسکے اوتھل شہر میں سستا بازار بھی لگانے کا اہتمام کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ سبزی اور دیگر لوکل پیداواری اشیا عوام کو سستے داموں فروخت کی جائیں پرائس کنٹرول کمیٹی میں کونسلرز کو بھی شامل کیا جائے گا اور ہماری کوشش ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز میں اشیا خوردونوش وافر مقدار میں لائی جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے انہوں نے کہا کہ منافع خوروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی سستا بازار لگانے کے لئے تاجر ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں انہوں نے کہا کہ گٹکا ایک زہر ہے اس کے خاتمے اور اس پر پابندی لگانے کے لئے عوامی نمائندے منتخب کونسلرز ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لسبیلہ روحانہ گل کاکڑ، ایس ایس پی لسبیلہ اسرار احمد عمرانی، تحصیلدار لاکھڑا نصیر احمد جاموٹ، تحصیلدار اوتھل مقبول احمد ساسولی، تحصیلدار بیلہ عبدالغفور موندرہ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی بیلہ عادل بشیر موندرہ، میونسپل کمیٹی اوتھل کے اسسٹنٹ عبداللہ رونجھو سمیت میونسپل کمیٹی اوتھل، بیلہ اور یونین کونسلز کے نومنتخب کونسلران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔






