باجوڑ، جے یو آئی کے ورکرز کنونشن میں دھماکا، 20 افراد شہید

باجوڑ(روزنامہ آواز ٹائمز) خیبر ایجنسی کے علاقے باجوڑ میں جے یو آئی (ف) کے ورکرز کنونشن میں دھماکا ہوا ہے، نتیجے میں 20 افراد شہید اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق دھماکا خیبر ایجنسی میں واقع علاقے خار کے دبئی موڑ کے قریب ہوا جہاں جے یو آئی کا جلسہ جاری تھا، دھماکے اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ادارے جائے وقوع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنا شروع کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا جے یو آئی (ف) کے ورکرز کنونشن میں ہوا، ڈی آئی جی مالا کنڈ کا کہنا ہے کہ باجوڑ میں دھماکے کی معلومات لے رہے ہیں، دھماکا کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، دھماکا کس نوعیت کا ہے تعین کیا جارہا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باجوڑ سعد خان نے کہا ہے کہ بم دھماکے میں 20 سے زائد افراد شہید اور 50 سے زیادہ زخمی ہوئے، جے یو آئی تحصیل خار کے امیر مولانا ضیاء اللہ جان بھی جاں بحق ہوگئے، زخمیوں کو تیمرگرہ اور پشاور منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔
جے یو آئی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے انصار الاسلام کے کارکنوں سے زخمیوں کے لیے خون دینے کے لیے فوری طور پر اسپتال پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
پاک فوج کا ہیلی کاپٹر اسپتال پہنچ گیا اور شدید زخمی افراد کے لیے خار سے پشاور تک سروس کی فراہمی شروع کردی۔ معاملات کی نگرانی کے لیے آئی جی ایف سی میجر جرنل نور ولی باجوڑ پہنچ گئے، پشاور میں سی ایم ایچ اور ایل آر ایچ کو الرٹ کر دیا گیا۔
دھماکے سے قبل ورکرز کنونش کی تصویر، جہاں لوگ بڑی تعداد میں موجود ہیں،جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا ہے کہ منصوبے کے تحت حالات خراب کیے جارہے ہیں، ہماری جماعت ایک پرامن جماعت ہے، ہم نے ہمیشہ پُرامن سیاسی جہدوجہد کا راستہ اپنایا، انصار الاسلام کے رضاکار خون دینے کی لیے فوری طور پر اسپتال پہنچیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں