بارکھان، اے ڈی اے، اے ڈی ایس پروگرام میں نئے داخلوں کی اجازت نہ دینا طلباء و طالبات کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے، صدیق کھیتران

بارکھان (ڈیلی آواز ٹائمز/ محمد گل جان) بلوچستان نیشنل پارٹی بارکھان کے ضلعی صدر صدیق کھیتران نے الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا کے توسط سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ صوبے بھر میں اے ڈی اے اور اے ڈی ایس پروگرام کے نئے داخلے جاری ہیں، لیکن بدقسمتی سے ضلع بارکھان کے گورنمنٹ بوائز و گرلز ڈگری کالجز میں اے ڈی اے، اے ڈی ایس پروگرام کے نئے داخلوں کی اجازت نہیں دی گئی، جو انتہائی تشویشناک اور قابلِ افسوس امر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف اے اور ایف ایس سی پاس کرنے والے ضلع بارکھان کے سینکڑوں طلباء و طالبات مزید تعلیم جاری رکھنے کے خواہش مند ہیں، مگر مقامی سرکاری کالجز میں اے ڈی اے اور اے ڈی ایس پروگرام کے داخلے بند ہونے کے باعث ان کا تعلیمی مستقبل شدید متاثر ہو رہا ہے۔ دوسری جانب بلوچستان کے دیگر اضلاع کے گورنمنٹ بوائز و گرلز ڈگری کالجز میں طلباء و طالبات کو چار سالہ بی ایس پروگرام سمیت اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر ہیں۔
صدیق کھیتران نے کہا کہ بارکھان کے سرکاری ڈگری کالجز میں لیکچرارز کی کمی کو جواز بنا کر داخلوں کی اجازت نہ دینا ناانصافی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں