اسلام آباد( روزنامہ آواز ٹائمز) وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء تارڑ نے بلوچستان میں قتل ہونے والے وکیل عبدالرزاق شر کا ذمہ دار عمران خان کو ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف بلوچستان ہائی کورٹ میں آرٹیکل 5اور 6سے متعلق کیس زیر سماعت تھا ، عبدالرزاق شر اس کیس کی عمران خان کیخلاف پیروی کررہے تھے او ر درخواست گزار بھی تھے جنہیں آج کوئٹہ ائرپورٹ کے قریب قتل کردیا گیا ، دو موٹر سائیکل سواروں نے انہیں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا ، ان کے قتل میں عمران خان کو نامزد کیا جائے گا ، ایف آئی آر کاٹی جائے گی، عبدالرزاق شر کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ،پی ٹی آئی ایک شرپسند دہشتگرد جماعت ہے ، عمران خان کے ہاتھ پہلے کرپشن میں رنگے تھے اب خون میں بھی رنگ گئے ہیں ،یہ ٹارگٹ کلنگ کا معمولی واقعہ نہیں ہے ،وکلاء تنظیمیں پرامن رہیں یقین دلاتا ہوں کے قتل کی شفاف اور تیزی کے ساتھ تحقیقات ہونگی،اعلیٰ عدلیہ اگر انہیں ”گڈ ٹو سی یو” کہنے کی بجائے سزا دے دیتی تو آج وکیل کی جان بچ جاتی
۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء تارڑ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف بلوچستان ہائی کورٹ میں آرٹیکل 5اور 6سے متعلق کیس زیر سماعت تھا جو وکیل اس کیس کی پیروی کررہے تھے اور درخواست گزار بھی تھے وہ آج کوئٹہ ائرپورٹ کے پاس ٹارگٹ کلنگ میں شہید کردیئے گئے عبدالرزاق شربار کے سرگرم رکن تھے عبدالرزاق شر کو دو موٹر سائیکل سواروں نے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا واقعہ معمول کا نہیں۔ آج بدھ کو عمران خان کیخلاف سنگین غداری کیس کی سماعت ہونا تھی عبدالرزاق شر کے قتل کے ذمہ دار چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ہیں ان کیخلاف مقدمہ درج ہوگا تفتیش ہوگی عبدالرزاق شر اہم نوعیت کے کیسز کی پیروی کررہے تھے یہ عام واقعہ نہیں ہے پی ٹی آئی ایک دہشتگرد جماعت بن چکی ہے نو مئی کے بعد کوئی جمہوری جماعت اس طرح کی منصوبہ بندی کا سوچ سکتی ہے جنہوں نے 2014ء سے پرتشدد کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں پی ٹی وی پر حملہ ہو یا سپریم کورٹ پر حملہ ہو یا جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ ہوا یا ریڈ زون میں قبریں کھودنے کا واقعہ ہوا اس وقت ان کو سزا مل جاتی تو آج نو مئی کے واقعات نہ ہوتے۔






