بپر جوئے کراچی میں خطرے کی گھنٹی بج گئی،سمندری طوفان420 کلو میٹر دور، شہر میں گرد آلود ہوائیں چلنے لگیں

کراچی(روزنامہ آواز ٹائمز)سمندری طوفان بپر جوئیکا کراچی سے فاصلہ کم ہو کر 420 کلو میٹر رہ گیا جس کے باعث شہر میں گرد آلود ہوائیں چلنے لگی ہیں اور بعض مقامات پر مٹی کا طوفان بھی آیا، ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کے حفاظتی دستے بھی تیار ہیں۔محکمہ موسمیات کی جانب سے سمندری طوفان کے حوالے سے 15 واں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق یہ سسٹم کراچی سے 420 کلومیٹر، ٹھٹھہ سے 460 کلومیٹر اور اورماڑہ سے 650 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے، طوفان مسلسل شمال کی جانب 4 سے 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھ رہا ہے، طوفان کا رخ شمال مشرق کی جانب مڑنے کا امکان ہے۔چیف میٹرو لوجسٹ نے کہا کہ طوفان کی زیادہ سے زیادہ شدت کے ساتھ ہوائیں 140سے 170 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جبکہ طوفان کے اطراف 30 فٹ اونچی لہریں اٹھ رہی ہیں، سمندر کی سطح کا درجہ حرارت 29 سے 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔سمندری طوفان “بپر جوئے” کے اثرات سامنے آنے لگے، سمندر بپھرنے سے پانی رہائشی علاقے میں داخل ہوگیا۔بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان کے باعث مکران کی سمندری حدود میں طغیانی کے سبب اورماڑہ دیمی زر میں سمندر بپھر گیا، سمندر کا پانی کنارے والی سڑک کو پار کر کے دکانوں، کمپنیوں اور آبادی کے علاقوں میں داخل ہو گیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سائیکلون بپر جوئے کل کیٹی بند سے ٹکرانے کا امکان ہے۔پانی آبادی میں داخل ہونے سے لوگ شدید پریشان ہیں، سمندر میں شدید طغیانی کے سبب ماہی گیروں کی املاک کو شدید نقصانات کا اندیشہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں