سنگت اکیڈمی آف سائنسز اور پروگریسو رائٹرز ایسوسی ایشن کے درمیان مشترکہ ادبی تعاون پر اتفاق

کراچی، 5 اگست 2026:9 (ڈیلی آوازٹائمز)
سنگت اکیڈمی آف سائنسز اور پروگریسو رائٹرز ایسوسی ایشن کے درمیان کراچی میں ایک اہم مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سنگت اکیڈمی آف سائنسز کی طرف سے ڈاکٹر شاہ محمد مری، انجمن ترقی پسند مصنفین سندھ کے صدر ریاض شاہد دایو اور انجمن ترقی پسند مصنفین کراچی کے جنرل سیکریٹری نعیم شیخ نے شرکت کی۔
اجلاس میں ترقی پسند ادب، جمہوری اقدار، انسانی حقوق، قومی زبانوں کے فروغ، آزادیٔ اظہار اور اہلِ قلم کے حقوق کے تحفظ کے لیے باہمی تعاون کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے دونوں تنظیموں نے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اجلاس میں اتفاقِ رائے سے متعدد اہم فیصلے کیے گئے، جن کے مطابق دونوں تنظیمیں مشترکہ ادبی، فکری اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دیں گی، ادیبوں، شاعروں اور دانشوروں کو درپیش مسائل پر مشترکہ مؤقف اختیار کریں گی، اور ضرورت پڑنے پر مشترکہ بیانات، نمائندگی اور احتجاجی سرگرمیوں کے ذریعے مؤثر آواز بلند کریں گی۔
اجلاس میں سندھی، بلوچی، براہوی، پشتو، اردو اور دیگر قومی زبانوں کے فروغ، باہمی تراجم، اشاعت اور تحقیقی منصوبوں پر مشترکہ کام کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ خواتین کے حقوق، جمہوریت، آزادیٔ اظہار، انسانی حقوق، امن اور ثقافتی تنوع کے موضوعات پر مشترکہ سیمینارز، مکالموں اور عوامی پروگراموں کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
شرکاء نے سامراج دشمن، ترقی پسند اور عوام دوست ادب کی تخلیق و اشاعت کے فروغ، مزدوروں، کسانوں، خواتین، نوجوانوں اور دیگر محروم طبقات کے مسائل پر تخلیقی ادب کی حوصلہ افزائی، اور نوجوان لکھاریوں، شاعروں اور محققین کی تربیت کے لیے مشترکہ ورکشاپس، مطالعاتی حلقوں، ادبی کیمپوں اور تربیتی پروگراموں کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا۔
اجلاس میں سالانہ مشترکہ ادبی و ثقافتی کیلنڈر مرتب کرنے، مختلف زبانوں کے ادیبوں اور دانشوروں کے درمیان روابط اور فکری مکالموں کو فروغ دینے، اور تنظیمی تعاون کو مستحکم بنانے کے لیے باہمی نمائندگی کا نظام قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس سلسلے میں سنگت اکیڈمی کی جانب سے سربراہ اور نائب سربراہِ سنگت اکیڈمی آف سائنسز کو پروگریسو رائٹرز ایسوسی ایشن کی سنٹرل کمیٹی میں نان ووٹنگ ممبر جبکہ پروگریسو رائٹرز ایسوسی ایشن اپنی جانب سے دو نمائندوں کو سنگت کی سنٹرل کمیٹی میں نان ووٹنگ ممبر نامزد کرے گی۔
اجلاس میں دونوں تنظیموں کے درمیان مستقل رابطے کے لیے مشترکہ رابطہ کمیٹی اور واٹس ایپ گروپ قائم کرنے، اہم قومی، ادبی، ثقافتی اور سماجی معاملات پر باقاعدہ مشاورت اور مشترکہ اعلامیے جاری کرنے، ایک دوسرے کے رسائل، جرائد، ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سرگرمیوں کو نمایاں کرنے، وفود کے تبادلوں کو فروغ دینے اور آئندہ چھ ماہ کے مشترکہ ایکشن پلان کی تیاری پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اجلاس کے اختتام پر دونوں تنظیموں کے نمائندوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ترقی پسند ادب، جمہوری اقدار، انسانی حقوق، قومی زبانوں کے فروغ اور عوام دوست ثقافتی سرگرمیوں کے لیے مشترکہ جدوجہد کو مزید مؤثر اور منظم انداز میں جاری رکھیں گے۔ آخر میں میزبان تنظیم کا شکریہ ادا کیا گیا اور امید ظاہر کی گئی کہ یہ باہمی تعاون مستقبل میں مزید مضبوط، مؤثر اور نتیجہ خیز ثابت ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں