حب، شہر کے مختلف علاقوں‌میں‌صفائی کی صورتحال ابتر

حب(ڈیلی آواز ٹائمز /نیاز اللہ سمالانی) بلوچستان کے صنعتی شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کی صورتحال انتہائی ابتر ہو چکی ہے۔ اکرم کالونی، چیزل آباد، گلشن لسبیلہ، بلوچ خان رند کالونی سمیت متعدد علاقوں میں جگہ جگہ کچرے کے بڑے بڑے ڈھیر شہریوں کے لیے شدید اذیت کا باعث بن گئے ہیں۔گلیوں اور رہائشی آبادیوں کے درمیان کئی دنوں سے جمع کچرا نہ صرف بدبو اور تعفن کا سبب بن رہا ہے بلکہ مکھیاں، مچھر اور دیگر جراثیم کی افزائش کا بھی باعث بن رہے ہیں۔ کچرے کے ڈھیروں کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ آوارہ جانور بھی کچرے میں منہ مارتے نظر آتے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن حب کی جانب سے صفائی کے دعوے محض کاغذی کارروائی تک محدود دکھائی دیتے ہیں۔ اگر صفائی کا باقاعدہ نظام موجود ہے تو پھر شہر کے مختلف علاقوں میں کچرے کے یہ پہاڑ کیوں موجود ہیں؟علاقہ مکینوں نے چیئرمین میونسپل کارپوریشن حب اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر تمام متاثرہ علاقوں سے کچرا اٹھایا جائے، صفائی کا مستقل شیڈول جاری کیا جائے اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر صفائی کی صورتحال فوری بہتر نہ کی گئی تو وہ احتجاج اور متعلقہ حکام کے سامنے آواز بلند کرنے پر مجبور ہوں گے۔

کیٹاگری میں : حب

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں