حب (ڈیلی آواز ٹائمز/تحصیل سٹی رپورٹر) ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی (DHC) کا ماہانہ اجلاس آج ڈپٹی کمشنر حب کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس حب میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ صحت کے تمام متعلقہ افسران، ضلعی انتظامیہ کے نمائندگان اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر کے سرکاری اسپتالوں، دیہی مراکز صحت (RHCs)، بنیادی مراکز صحت (BHUs)، طبی عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی، طبی سہولیات کی فراہمی، ماں اور بچے کی صحت، حفاظتی ٹیکہ جات، اور عوام کو درپیش صحت کے مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے صحت کے شعبے کو درپیش چیلنجز اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ڈپٹی کمشنر حب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ تمام صحت مراکز میں ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر ملازمین کی حاضری کو یقینی بنایا جائے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔مزید برآں، اجلاس میں مسلسل غیر حاضری، فرائض میں غفلت اور ناقص کارکردگی کے مرتکب دائمی غیر حاضر (Chronic Absentee) ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے خلاف سخت کارروائی پر اتفاق کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی نے ایسے ملازمین کی ملازمت کے خاتمے (Termination) کے لیے متعلقہ حکام کو سفارشات ارسال کرنے کی منظوری دی تاکہ محکمہ صحت میں نظم و ضبط اور عوامی خدمت کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔






