حب (ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی) آل حب شانِ ساکران ڈسٹرکٹ اوپن فٹبال ٹورنامنٹ 2026 میں آج ایک اور سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلہ سپر لانگو فٹبال کلب اور کولوائی اسٹار فٹبال کلب کے درمیان کھیلا گیا، جس نے شائقینِ فٹبال کو آغاز سے اختتام تک اپنی طرف متوجہ کیے رکھا۔پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ایک، ایک گول اسکور کیا اور مقابلہ برابر رہا۔ دوسرے ہاف میں سپر لانگو فٹبال کلب نے جارحانہ حکمتِ عملی اپناتے ہوئے مزید دو خوبصورت گول اسکور کیے، جبکہ کولوائی اسٹار فٹبال کلب نے بھرپور مزاحمت کے باوجود صرف ایک گول ہی کر سکی۔ یوں سپر لانگو فٹبال کلب نے 3-2 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔آج کے میچ کے مہمانِ خصوصی معروف کاروباری و قبائلی شخصیت شعیب مسعود تھے، تاہم مصروفیات کے باعث وہ شرکت نہ کر سکے۔ اس کے باوجود علاقے کے معززین اور کھیلوں سے محبت رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں گراؤنڈ پہنچ کر کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔آزاد بلوچ فٹبال گراؤنڈ آج ایک بار پھر شائقینِ فٹبال سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ ہر میچ کے ساتھ ٹورنامنٹ مزید دلچسپ، سنسنی خیز اور جوش و خروش سے بھرپور ہوتا جا رہا ہے، جبکہ ہر ٹیم اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہی ہے۔شانِ ساکران ڈسٹرکٹ اوپن فٹبال ٹورنامنٹ 2026 — جہاں ہر میچ نئی کہانی، نیا جوش اور فٹبال کا نیا رنگ پیش کر رہا ہے.






